بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے چھ ماہ کا ہدف مقرر کر دیا ،شہباز شریف

بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے چھ ماہ کا ہدف مقرر کر دیا ،شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(پ ر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے جرمن پارلیمنٹ کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت جرمن پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے اقتصادی تعاون و ترقی کی چیئر پرسن ڈگمر جی و ہرل کررہی تھیں۔اس موقع پر جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن اورجرمن پارلیمانی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اورجرمنی کے مابین تعلقات میں فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اوروزیراعلیٰ نے جرمن وفد کو پنجاب میں ایک ہزار میگاواٹ سولر پاور منصوبے میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی،جس پر وفد نے دلچسپی کا اظہار کیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورجرمنی کے مابین بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں اور جرمنی پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔جرمنی نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ دلانے میں اہم اور مثبت کردارادا کیا ہے جس سے ٹیکسٹائل اورگارمنٹس کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے تاہم دونوں ملکوں کے مابین معاشی ،تجارتی اوراقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی نے ہر شعبہ میں بے مثال ترقی کی ہے اوراس کی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں مسلمہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے جس سے بجلی کی فراہمی شروع ہوچکی ہے ۔سولر منصوبے کیلئے جرمن کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئیں جبکہ سولر پینلز چین نے فراہم کیے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں گیس سے 3600میگاواٹ بجلی پیداکرنے کے کارخانے لگانے کا منصوبہ بنایا گیاہے۔اس منصوبے کیلئے بھی جرمن کمپنی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، 1200میگاواٹ کاگیس سے بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے لگارہی ہے جبکہ2400میگاواٹ کے منصوبے وفاقی حکومت لگائے گی۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کو توانائی بحران کے ساتھ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے چیلنجؒ کا بھی سامنا ہے ۔پاکستان کی افواج اور پولیس کے افسروں و جوانوں ،عام شہریوں اورزندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں اور50ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانیں نچھاور کرچکے ہیں ۔پاک افواج کو آپریشن ضرب عضب میں شاندار کامیابیاں مل رہی ہیں اوردہشت گردوں پر کاری ضرب لگائی گئی ہے ۔پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت اورپوری قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے متحد ہے۔ دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے بندوق کی گولی کیساتھ سماجی و معاشی اقدامات کی گولیاں بھی ضروری ہیں،یہی وجہ ہے کہ صوبے میں دہشت گردی اورانتہاء پسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے نوجوانوں کو بااختیار بنایا جارہا ہے اور پنجاب میں سالانہ لاکھوں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کی ٹھوس حکمت عملی وضع کی گئی ہے جبکہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنایا گیا ہے اوریہ پروگرام کامیابی سے چل رہا ہے اوراسے پنجاب بھر میں پھیلایا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جرمنی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے پروگراموں میں پنجاب حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کا جائزہ لے۔انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کی پالیسی پر کاربند ہیں۔صوبے میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں اورصوبے میں اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے چھ ماہ کا ہدف مقرر کیاگیا ہے ۔پاکستان میں بسنے والا ہر شہری برابر کے حقوق کا مالک ہے ۔ پاکستان میں بسنے والے مسیحی اوردیگر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد انتہائی محب وطن اور ملک کے وفادار ہیں ۔ مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیروترقی خصوصاً تعلیم،صحت اوردیگر سماجی شعبوں میں کارہائے نمایاں سرانجام دئیے ہیں ۔پنجاب میں معاشی تفاوت ختم کرنے کیلئے سوشل پروٹیکشن اتھارٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چےئرپرسن جرمن ڈگمر جی و ہرل نے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب کیساتھ سکل ڈویلپمنٹ اوردیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سماجی شعبے کی بہتری کیلئے کیے جانیوالے اقدامات قابل تعریف ہیں۔صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ، بیگم ذکیہ شاہنواز، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی،متعلقہ سیکرٹریزاوراعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا،جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2015-16ء کی ترجیحات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایسی سکیمیں لائی جائیں گی جن سے غریب اور عام آدمی کو براہ راست فائدہ ہو گا۔ترقیاتی حکمت عملی 2018ء صوبے کی معیشت کو فروغ دینے کا ٹھوس لائحہ عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2015-16ء صوبے میں ترقی کے نئے دور کا پیش خیمہ ہوگا۔خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام دیہی معیشت میں انقلاب برپا کردے گا۔خادم پنجاب دیہی روڈ زپروگرام سے دیہی آبادی کا ہر طبقہ فائدہ اٹھائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہترین انفراسٹرکچر معاشی وتجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں کلیدی کردارادا کرتا ہے ۔دیہی علاقوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے خادم پنجاب دیہی روڈ ز پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔سکل ڈویلپمنٹ،دانش سکولز،دیہی روڈ ز پروگرام ،صاف پانی پراجیکٹ جیسے منصوبے دیہی زندگی کو بدل دینگے۔انہوں نے کہا کہ دیہات کی زندگی میں تبدیلی لانے کیلئے صاف پانی پراجیکٹ بھی نہایت اہمیت کا حامل ہے۔مویشی پال کاشتکاروں کی سہولت کیلئے صوبے میں جدید مویشی منڈیاں بھی قائم کی جارہی ہے۔جنوبی پنجاب میں سولرپاور پراجیکٹس میں اربو ں روپے کی سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد سے علاقے کے لوگوں کی تقدیر بدلے گی۔توانائی کے متعدد منصوبے 2018ء کے آخر تک مکمل ہوں گے جس سے بجلی کے اندھیرے دور ہوں گے۔ملک کے بڑے بینکوں کی جانب سے گیس سے بجلی کے منصوبوں میں اربوں روپے کی فراہمی صوبا ئی حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے ۔تمام اداروں کو ترقیاتی ترجیحات طے کر کے آگے بڑھنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کیلئے جامع پلان مرتب کیا جارہا ہے ۔ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز،اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس کے عظیم منصوبے کا اگلے ہفتے افتتاح کر دیا جائے گا اور یہ منصوبہ قومی وسائل عوام کی سہولت پر خرچ کرنے کی شاندار مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ جڑواں شہروں کے لاکھوں افراد با کفایت، آرام دہ اور تیز رفتار سفری سہولتوں سے مستفید ہوں گے۔ 5ماہ پر محیط رکاوٹوں کے باوجود منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیاہے ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر خطیر وسائل خرچ کر رہی ہے۔ میٹروبس سروس نے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپا کیا ہے۔وہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے کمشنر آفس راولپنڈی میں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس منصوبے پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر معیار ، شفافیت اور برق رفتاری سے عمل پیرا ہے۔ ملک کی ترقی کے سفر کو تیزی سے طے کرنے کیلئے ہمیں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر انتھک محنت کرنا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمے اوردہشت گردی کے سدباب کیلئے سنجیدگی سے مخلصانہ اقدامات کیے جارہے ہیں اور ملک کو دہشت گردی کی عفریت سے نجات دلانے کیلئے پوری قوم پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ برس دھرنوں نے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا۔دھرنوں کے باعث ضائع ہونے والے قیمتی وقت کی تلافی محنت اورنئے جذبے سے کررہے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا نصب العین عوام کی بے لوث خدمت ہے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں صوبائی وزیر تنویر اسلم ملک،اراکین قومی اسمبلی رشید احمد خان، میجر (ر) طاہر اقبال، اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خان، ملک محمد احمد خان اورسابق رکن اسمبلی رانا مبشر اقبال شامل تھے۔

مزید :

صفحہ اول -