سندھ رینجرز کی 2024ء کی کارکردگی رپورٹ جاری، کتنے جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ؟ تفصیلات جانیے
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے 2024ء کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے 2024ء میں مختلف آپریشن بھر پور طریقے سے انجام دیئے اور اہداف حاصل کیے، رینجرز اور پولیس نے مشترکہ طور پر 102 آپریشنز دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری کے خلاف کیے۔
سندھ رینجرز کی رپورٹ کے مطابق رینجرز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 142 ہائی پروفائل ملزمان کو گرفتار کیا، دہشت گردوں کے خلاف مجموعی طور پر 87 آپریشن کیے، جن میں 109 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، بھتہ خوری کے خلاف مجموعی طور پر 14 آپریشنز کیے، 32 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا، رینجرز اور پولیس نے اندرونِ سندھ 94 کارروائیوں کے دوران 197 ملزمان گرفتار کیے۔
سندھ حکومت نے ملزمان کے سر کی بھاری قیمت بھی مقرر کی تھی، ملزمان کے قبضے سے مختلف قسم کے 68 ہتھیار برآمد کیے گئے، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف 617 آپریشنز کیے، اسٹریٹ کرائم کے خلاف 210 آپریشن کیے اور 245 ڈکیتوں کو گرفتار کیا۔
سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 332 منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا، کراچی اور اندرون سندھ آپریشن کے دوران 103.6 ٹن منشیات برآمد کی گئی، رینجرز نے دفاعی نمائش آئیڈیاز، پی ایس ایل میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کی۔ رینجرز کی جانب سے غیر ملکی کرکٹ ٹیموں کے دورۂ پاکستان پر بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی۔
پاکستان رینجرز کے ترجمان کے مطابق 2024ء میں 1681495 لیٹر ایرانی تیل اور 45 گاڑیاں ضبط کیں اور 54 ملزمان گرفتار کیے، ضبط شدہ ایرانی تیل کی مالیت تقریباً 43 کروڑ روپے سے زائد ہے، سگریٹ،انڈین گٹکا، چھالیہ، کپڑا، ٹائرز اور دیگر نان کسٹم پیڈ اشیاء بھی ملزمان سے برآمد کی گئیں، غیر قانونی 51 ہائیڈرنٹس کو ختم کر کے 21 واٹر ٹینکرز بھی قبضے میں لیے گئے۔ رینجرز مدد گار سیل میں متعدد شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 65 کا ازالہ کیا گیا۔
پاکستان رینجرز کی رپورٹ کے مطابق 2024ء میں سندھ رینجرز کے 7 جوان شہید اور 15 زخمی ہوئے۔