پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ ، امارات کے انویسٹرز کو سرمایہ کاری کی دعوت
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون کو مزید بلندی پر پہنچانے کے لئے پنجاب اور یو اے ای کا ورکنگ گروپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ معاشی تعاون اور پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دی اور یو اے ای کے سرمایہ کاروں کیلئے خصوصی مراعات اور سازگار ماحول کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون کو سراہا۔ یو اے ای کے سفیرنے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو کامیاب دورہ چین پر مبارکباد دی۔ سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں، موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق اقدامات پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کی تعریف کی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم اور توانائی کے شعبوں میں یو اے ای کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور یو اے ای علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لئے یکساں سوچ رکھتے ہیں۔ پنجاب زراعت، ٹیکنالوجی،گرین انرجی اور دیگر شعبوں میں یو اے ای کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔
متحدہ عرب امارات کے سفیرنے کہا کہ ترقی یافتہ پاکستان کی یو اے ای کی خواہش ہے اس سفر میں حکومت اور عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہے۔ پاکستان میں مزید پراجیکٹس پر کام کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت پنجاب کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے دیرپا ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔