تمہاری غیر موجودگی نے روح کو خاموش کردیا، شگفتہ اعجاز کی شوہر کی یاد میں جذباتی پوسٹ

کراچی (آئی این پی) معروف سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے مرحوم شوہریحییٰ صدیقی کی یاد میں سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے۔شگفتہ اعجاز کے شریک حیات کچھ عرصہ قبل کینسر سے جنگ لڑتے انتقال کر گئے تھے۔حال ہی میں انسٹاگرام پر اداکارہ نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے شوہر کی قبر پر حاضری دی ۔ ویڈیو میں گانے کے بیک گراونڈ میں نصرت فتح علی خان کا ایک رنجیدہ گانا بھی سنا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مرحوم شوہر کی قبر پر پانی ڈالا اور پتیاں پھیلائیں، جب کہ ویڈیو میں آگے جا کر وہ فاتحہ خوانی کرتے بھی نظر آتی ہیں، جب کہ شارٹ ویڈیو کلپ میں ان کا چہرہ نظر نہیں آرہا۔ویڈیو کے کیپشن میں شگفتہ اعجاز نے شوہر کے جانے کا غم الفاظ میں ڈھالتے ہوئے تحریر کیا کہ تمہاری غیر موجودگی نے میری روح کو خاموش کردیا۔ویڈیو کے کمنٹس سیکشن میں اداکارہ کے فالوورز کی جانب سے دعائیہ اور جذباتی کمنٹس کیے گئے، کچھ فالوورز نے شگفتہ اعجاز کو صبر کی تلقین بھی کی۔