میرے بستر کے نیچے بھوت ہے، بچے کی شکایت، جب دیکھا گیا تو ایسا انکشاف کہ پیروں تلے زمین نکل گئی

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست کنساس میں بچے کی طرف سے شکایت کی گئی کہ اس کے بستر کے نیچے بھوت ہے۔ بیبی سٹر نے بچے کو کہا کہ بھوت نہیں ہوتے، لیکن جب اس نے بچے کو یقین دلانے کیلئے بستر کے نیچے جھانکا تو ایسا منظر دیکھ لیا کہ واقعی پیروں تلے زمین نکل گئی۔ بیڈ کے نیچے ایک شخص چھپا ہوا تھا جس کی بیبی سٹر کے ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
سی این این کے مطابق یہ شخص پہلے اسی گھر میں رہتا تھا لیکن اس پر پابندی عائد کی گئی تھی کہ وہ اس جگہ کے قریب نہ آئے، کیونکہ اس کے خلاف 'تحفظِ زیادتی' (Protection from Abuse) کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ پولیس جب جائے وقوعہ پر پہنچی تو مشتبہ شخص وہاں سے فرار ہو چکا تھا۔ تاہم اگلے دن اسے ایک تعاقب کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔
آن لائن عدالتی ریکارڈ کے مطابق یہ شخص تقریباً 10 دن پہلے ہی ضمانت پر رہا ہوا تھا۔ تاہم حالیہ گرفتاری کے بعد جج نے اسے بغیر ضمانت جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ شیرف آفس کے مطابق، مشتبہ شخص پر مزید الزامات عائد کیے جا سکتے ہیں، جن میں 'سنگین چوری'، 'سنگین جسمانی تشدد' اور 'بچے کی زندگی کو خطرے میں ڈالنا' شامل ہیں۔