بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بنگلہ دیشی کھلاڑی کا ایسا کارنامہ کہ ہر کوئی تعریف کرنے لگا
ڈھاکہ (ویب ڈیسک)بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے دوران کھلنا ٹائیگرز کے مہدی حسن میراز نے ایسا کام کر دیا ہے کہ ہر کوئی ان کی تعریف کرتا ہوا دکھائی دے رہاہے ، جبکہ ان کے مخالف ٹیم چٹاگانگ کنگز کے کپتان محمد مٹھن بھی تعریف کیئے بغیر نہیں رہ سکے، مہدی حسن نے چٹاگانگ کیخلاف میچ کے دوران ٹائم آوٹ قرار دیئے جانے والے ٹام اوکونل کو واپس میدان میں کھیلنے کیلئے بلا لیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق کھلنا ٹائیگرز کی جانب سے دیے گئے 204 رنز ہدف کے تعاقب کے دوران 3 منٹ کے وقفے کے بعد چٹاگانگ کنگز کے کھلاڑی آسٹریلوی لیگ اسپنر ٹام او کونل بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے جس پر فیلڈنگ کپتان مہدی حسن میراز اپنی ٹیم کے کئی ساتھیوں کے ساتھ امپائر کے پاس گئے اور تاخیر کے بارے میں بات کی۔
اس پر گراؤنڈ میں موجود امپائرز نے او کونل کو آؤٹ قرار دیا اور جب وہ پویلین لوٹنے لگے تو مہدی حسن میراز نے انہیں واپس بلا لیا۔
مخالف کپتان محمد متھن نے تسلیم کیا کہ آؤٹ قرار دیا جانا ٹھیک تھا اور کہا کہ وکٹیں تیزی سے گرنے کی وجہ سے او کونل حیران تھے اور نمبر 7 پر بیٹنگ کرنے کے لیے آنے کے باوجود ان کے پاس تیار ہونے کے لیے کافی وقت نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ میں ذاتی طور پر محسوس کرتا ہوں کہ مہدی حسن میراز نے شاندار کام کیا، اس نے دکھایا کہ ان کا دل بڑا ہے، فیلڈنگ سائیڈ کی طرف سے اپیل کرنا اصولوں کے مطابق ہے، او کونل کو بیٹنگ کے لیے واپس بلانے کا سہرا مہدی حسن میراز کو جاتا ہے۔
او کونل کی بیٹنگ کی باری اس وقت آئی جب پاکستانی بلے باز حیدر علی دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے، چٹاگانگ کا اسکور اس وقت ساتویں اوور میں 5 وکٹ پر 56 رنز تھا، بعد میں او کونل گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوگئے، وہ شارٹ مڈ وکٹ پر پاکستانی اسپنر محمد نواز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جہاں مہدی حسن نے ان کا آسان کیچ لیا۔
کھلنا ٹائیگرز نے چٹاگانگ کنگز کو 37 رنز سے شکست دے دی۔