والڈ سٹی اتھارٹی کے تاریخی دروازوں کی بحالی کے منصوبے مکمل
لاہور(خبر نگار)والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے تاریخی اندرون شہر لاہور کے دروازوں اور شہر کے دیگر اہم مقامات کی بحالی اور تحفظ کے کئی اہم منصوبوں کامیابی کے ساتھ شروع اور مکمل کر لئے۔ یہ بحالی کے کام جو 2024 میں مکمل ہوئے، لاہور کے ثقافتی ورثے کی حفاظت اور آئندہ نسلوں کے لئے جدید سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اتھارٹی کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔اندرون لاہور کے دروازوں بشمول لوہاری گیٹ، کشمیری گیٹ، شیرانوالہ گیٹ اور روشنائی گیٹ کی بحالی 6 نومبر 2023 کو شروع ہوئی، جس میں تقریباً 72.45 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔ ان اہم بحالی اقدامات میں دروازوں کے اندرونی حصوں کی بحالی، ساختی طور پر مضبوطی، غیر قانونی دکانوں اور تجاوزات کا خاتمہ، اور پارکنگ اور سکیورٹی کے نظام کی بہتری شامل تھی۔ اس منصوبے کے تحت، لوہاری دروازہ سے ملحقہ 14 دکانوں کو کامیابی سے منتقل کیا گیا۔ ان دروازوں کی تحفظ کا کام سال 2024 ء میں کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہاکہ لاہور کی تاریخ اور ورثہ کا تحفظ ہمارا مشن ہے۔
ان منفرد دروازوں کی بحالی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ آئندہ نسلیں اندرون لاہور کے فن تعمیر اور ثقافتی اہمیت کو سراہیں گی اور بہتر انفراسٹرکچر اور سکیورٹی کے ذریعے کے سیاحوں کے تجربے کو بھی بڑھایا جائے گا۔ ایک اور اہم پیشرفت میں، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے بھاٹی گیٹ تحفظ و بحالی منصوبے کا آغاز کیا ہے، یہ منصوبہ پنجاب ٹورزم اکنامک گروتھ پروگرام کے تحت ورلڈ بینک کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔