ہر نیا سال نئی امیدوں،چیلنجز کیساتھ شروع ہوتا ہے،ابراہیم نقشبندی
لاہور(پ ر)معروف روحانی و اصلاحی شخصیت حافظ محمد ابراہیم نقشبندی نے خانقاہ انبالہ ہاؤس ٹاؤن شپ لاہور میں اصلاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر نیا سال نئی امیدوں اور چیلنجز کے ساتھ شروع ہوتا ہے اسلامی تعلیمات ہمیں وقت کی قدر و قیمت اور اس کے صحیح استعمال کی طرف متوجہ کرتی ہیں،نئے سال کی آمد ہمیں اپنی زندگیوں کا محاسبہ کرنے اور اپنی دینی و دنیاوی ذمہ داریوں کو بہتر طور پر نبھانے کا موقع فراہم کرتی ہے، نئے سال کی آمد پر یہ ہمارے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم اپنے وقت کا بہتر استعمال کریں اور اپنی زندگی کو اچھے مقصد کے ساتھ گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ نیا سال خود احتسابی اور اصلاح کا موقعہ ہے، اسلام ہمیں خود احتسابی اور اصلاح کا درس دیتا ہے۔
نئے سال کی آمد پر ہمیں اپنے دینی و دنیاوی فرائض کا جائزہ لینا چاہیے اور عبادات کی ادائیگی کو پابندی کے ساتھ سرانجام دینا چاہیے، قرآن مجید کی تلاوت، اس کے معانی پر غور، اور سنت رسول ؐ کی پیروی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے، جھوٹ، غیبت اور دیگر گناہوں سے بچتے ہوئے صداقت، دیانت داری اور عدل و انصاف کو اپنانے کی بھرپور کوشش کریں۔ خاندانی و معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالے سے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک مکمل دین ہے جو دنیاوی ذمہ داریوں کو بھی برابر اہمیت دیتا ہے اس لیے اپنے اہل و عیال کے حقوق کی ادائیگی اور ان کی بہتر تربیت کے حوالے سے بھی ہم سب کو فکر مند ہونے کی ضرورت ہے اپنے اردگرد کے افراد کی مدد کرنا، غریبوں اور ضرورت مندوں کا خیال رکھنا، اور معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ ہر نیا سال دو اہم سبق دیتا ہے پہلا یہ کہ گزشتہ سال کا جائزہ لے کر اپنے ماضی کے اعمال، کامیابیوں، اور کوتاہیوں پر غور کریں اور ان سے سبق حاصل کریں دوسرا یہ کہ نئے سال کی منصوبہ بندی کریں، مثبت اہداف طے کریں، اور ان کے حصول کے لیے عملی اقدامات کریں۔