سکھ یاتریو ں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے نئی پالیسی تیار
لاہور(خبر نگار)متروکہ وقف املاک بورڈ نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے یاترا کے لئے آنے والے نانک نام لیواؤں کو پہلے سے زیادہ بہترین سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے نئی پالیسی وضع کردی ہے جس کا نفاذ گزشتہ روز شروع ہونے والے نئے عیسوی سال 2025ء کے دوران ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اس پالیسی کے تحت رواں سال 2025ء میں نانک لیواؤں اور ہندو برادری کے پیروکاروں سے متعلق ہونے والے مذہبی پروگرامز،تقاریب کے انعقاد سے 90 روز قبل روڈ میپ تشکیل دے کر اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنزسیف اللہ کھوکر نے متعلقہ افراد کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد تمام تفصیلات متعلقہ کمیٹی کے روبرو پیش کریں تاکہ قواعد کے مطابق اخراجات کی منظوری حاصل کی جا سکے۔ دوران اجلاس یہ موقف اختیار کیا گیا کہ 2025ء میں نانک نام لیاؤں اور ہندو مذہب کے ہونے والے ایونٹس کے بارے میں 90روز قبل تفصیلی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کی جائے گی تاکہ اگر مندروں اور گرودواروں میں ترقیاتی کام کروانا مقصود ہو تو تقریب سے قبل کروایا جاسکے جس کی وجہ سے انتظامات بہتر سے بہتر اور منظم ہوسکیں تمام تجاویز کی روشنی میں اس کے لئے گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں۔