الحمراء نے2024میں بے شمار کارنامے سرانجام دیئے
لاہور(فلم رپورٹر)چیئرمین الحمراء رضی احمدا ور ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء توقیر حیدر کاظمی نے نئے سال کی آمدپرپیغامات میں پوری قوم خصوصاً لکھاریوں، دانشوروں،ادبیوں،شاعروں،مصوروں، اداکار و ں، آرٹسٹوں، گلوکا رو ں کو مبارکباد دی اور اپنی ادبی وثقافتی کامیابیوں کو نئی نسل کے نام کیا ہے جن سے ملک وقوم کا سنہری مستقبل پیہم ہے۔رضی احمد نے کہا کہ نیا برس جواں عزموں،آرزو اور ارادوں کے عزم نو کا باعث ہے،الحمراء نے2024میں بے شمار کارنامے سرانجام دیئے جوماضی کے قرطاس پر ثبت ہوئے،آئندہ بھی الحمراء ہماری ادبی وثقافتی جدوجہد کا اظہار بنے گا۔توقیر حیدر کاظمی نے کہا کہ الحمراء لوگ کو ایک دوسرے سے مل جل کر ترقی کرنے کی راہیں تلاش کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے،مکالمہ،گفتگوسے معاشرتی ہیجان کا تدارک ہوتا ہے،تعصبات کا قلع قمع ہوتاہے،سماج میں امن ہوتا ہے جو ترقی کا ضامن بنتا ہے۔واضح رہے الحمراء پوری دُنیاکے لئے ایک ثقافتی سنٹر ہے جہاں سال 2025میں عوام کو الحمراء میں عالمی و ملکی سطح پر کئی ایک فیسٹیول دیکھنے کا موقع میسر آئے گا۔