حکومت سے مذاکرات کا دوسرا دور آج،پی ٹی آئی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کریگی
اسلام آباد (آئی این پی) حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے پہلے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس آجسہہ پہر ساڑھے تین بجے ہو گا۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے جبکہ یہ اجلاس ان کیمرہ ہوگا، پی ٹی آئی نے حکومت سے مذاکرات کرنیوالی کمیٹی کیلئے چارٹرآف ڈیمانڈ تیار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی نے پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کو مدنظر رکھ کر چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کرلیا۔ صرف 2مطالبات رکھے گئے ہیں، پہلا مطالبہ تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی، دوسرا مطالبہ 9مئی اور 26نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل ہے۔ذرائع کے مطابق آج ہونیوالے مذاکراتی اجلاس میں علی امین گنڈا پور سمیت پی ٹی آئی کے تمام کمیٹی اراکین شرکت کریں گے۔مذاکرات کے حوالے سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم اپنی مذاکرتی ٹیم سے مشاورت کر رہے ہیں اور آپسی ملاقاتیں بھی جاری ہیں، ہمارے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی سمیت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو آگے لیجانے کے لیے ہر ممکن تعاون کی کوشش کرینگے،،چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے بھی مذاکرات کا خیر مقدم کیا اور کہا حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹیوں کے تمام ارکان ہی بہترین سیاسی بصیرت کے حامل ہیں۔انہو ں نے یہ امید ظاہر کی کہ فریقین مذاکرات میں کھلے دل اور نیک نیتی کا مظاہرہ کریں گے۔
مذاکرات