نادرا کا 10سال سے زائد عمر کے بچوں کیلئے خصوصی ”ب فارم“ متعارف کرانے کا فیصلہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نادرا کی جانب سے پہلی بار 10 سال سے زائد عمر کے بچوں کیلئے خصوصی سکیورٹی فیچرز کے حامل ب فارم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوا لے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے خصوصی ب فارم رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجراء مرحلہ وار 15 جنوری سے ہوگا، نادرا کا محکمہ پاسپورٹ کے اشتراک سے بچوں کی انگلیو ں کے نشانات اور تصویر کو ب فارم میں شامل کیا جائیگا، ان اقدامات سے بچوں کی شناختی معلومات کی چوری اورغلط استعمال کو روکنے میں مدد ملے گی،بچوں کے جعلی شناختی کارڈ، غیر قانونی پاسپورٹ، انسانی سمگلنگ جیسے جرائم روکنے میں بھی معاون ثابت ہونگے، چیئرمین نادرا، ڈی جی پاسپورٹ اور پوری ٹیم کو مختصر مدت میں ب فارم میں اصلاحات متعارف کرانے پرمبارکباد دیتا ہوں۔ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق پہلے مرحلے میں 10 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر بچوں سے 15 جنوری سے نادرا سینٹر پر انگلیوں کے نشا نا ت اور تصویریں لی جائینگی، ان بچوں کیساتھ والدین میں سے کسی ایک یا قانونی سرپرست کا آنا لازم ہے، انہیں اپنے ہمراہ اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور بچے کا یونین کونسل یا ٹاؤن کمیٹی سے جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ بھی لانا ہوگا، نادرا میں ضروری کارروائی کے بعد بچے کا تصویر والا ب فارم جاری کیا جائیگا، 10 سال سے زائد اور 18 سال سے کم عمر بچوں کو نئے پاسپورٹ کی درخواست کے وقت نادرا سے جاری شدہ انگلیوں کے نشانات اور تصویر والا ب فارم بھی پیش کرنا ہوگا، پرانا ب فارم جس میں تصویر اور انگلیوں کے نشانات شامل نہیں مذکورہ بالا عمر کے بچوں کیلئے قابل قبول نہیں ہوگا۔
نادرا فیصلہ