115سال قبل لاپتہ ہونے والے بحری جہاز کا بالآخر سراغ لگا لیا گیا

 115سال قبل لاپتہ ہونے والے بحری جہاز کا بالآخر سراغ لگا لیا گیا
 115سال قبل لاپتہ ہونے والے بحری جہاز کا بالآخر سراغ لگا لیا گیا
سورس: Pexels.com (creative commons license)

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) 115سال قبل عملے سمیت 14افراد کے ساتھ لاپتہ ہونے والے بحری جہاز کا بالآخر سراغ لگا لیا گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ 735ٹن وزنی بحری جہاز امریکی ریاست مشی گن کے ساحل پر وائٹ فش پوائنٹ پر پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا تھا۔ اب اس کا ملبہ لاپتہ ہونے کے مقام سے 40میل دور سمندر کی تہہ میں 650فٹ گہرائی میں دریافت ہوا ہے اور اس کی تصاویر منظرعام پر آئی ہیں۔
یہ بحری جہاز 1894ء میں جبرالٹر میں تیار کیا گیا تھااور یہ شورز لومبر کمپنی کی ملکیت تھا۔ اس جہاز کا نام کمپنی کے مالک کی بیٹی کے نام پر ’ایڈیلا‘ رکھا گیا تھا۔ اس کے لاپتہ ہونے کے متعلق بحری جہازوں کے عملے کے لوگوں میں ایک توہم پرستانہ سوچ پائی جاتی تھی۔ 
ان دنوں یہ روایت تھی کہ بحری جہاز کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل شراب کی ایک بوتل جہاز میں توڑی جاتی تھی، تاہم اس جہاز کے مالکان شراب نوشی کے خلاف تھے چنانچہ ان کے جہاز پر یہ توہم پرستانہ رسم نہیں ہوتی تھی۔ جب جہاز غائب ہو گیا تو لوگوں نے کہنا شروع کر دیا کہ یہ رسم ادا نہ کرنے کی نحوست کی وجہ سے جہاز غائب ہوا۔
اس جہاز پر نمک کی کھیپ امریکی ریاست منیسوٹا کے شہر ڈولوتھ لیجائی جا رہی تھی جب 29اپریل 1909ء کو یہ جہاز لاپتہ ہو گیا۔ اس جہاز کا ملبہ ڈیریل ارٹیل اور ان کے بھائی ڈین نے سونار ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے دریافت کیا ہے اور اس کی تصاویر بنا ئی ہیں۔ ڈیریل ارٹیل کا کہنا ہے کہ ’’میں پورے وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ ’ایڈیلا شورز‘ ہی کا ملبہ ہے۔ اس کی لمبائی، چوڑائی اور شکل ہو بہو 115سال قبل لاپتہ ہونے والے اس جہاز جیسی ہی ہے۔‘‘

مزید :

ڈیلی بائیٹس -