بھارت کے معروف پروڈیوسر کے خلاف کارروائی، ڈیڑھ کروڑ روپے برآمد

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے روز تامل ناڈو کے شہر چنئی میں فلم "L2: ایمپوران" کے پروڈیوسر سے منسلک مقامات پر چھاپے مار کر ڈیڑھ کروڑ روپے نقدی برآمد کر لی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی اس کیس سے جڑی ہے جس کی ابتدائی تفتیش انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے کی تھی۔
ذرائع کے مطابق 2017 میں انکم ٹیکس حکام نے پروڈیوسر گوکل گوپالن اور ان کی چِٹ فنڈ کمپنی سے وابستہ 76 مختلف مقامات پر چھاپے مارے تھے، جو تامل ناڈو، کیرالہ اور کرناٹک میں واقع تھے۔ ان چھاپوں اور اس کے بعد کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کمپنی نے مبینہ طور پر پانچ سالوں میں 1107 کروڑ روپے کی آمدنی چھپائی تھی۔ اس میں 118 کروڑ روپے کے قرضے اور 80 کروڑ روپے کی بے نام سودی آمدنی شامل تھی، جنہیں حسابات میں ظاہر نہیں کیا گیا تھا۔
نیوز 18 کے مطابق اب ای ڈی نے اس معاملے میں فارن ایکسچینج مینجمنٹ ایکٹ (فیما) کے تحت نئی ایف آئی آر درج کی ہے، جس میں ایک ہزار کروڑ روپے کی غیر قانونی این آر آئی لین دین اور دیگر مشتبہ مالی معاملات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی ای ڈی اس الگ کیس کی بھی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سری گوپالن چِٹ اینڈ فنانس کمپنی لمیٹڈ کے خلاف دھوکہ دہی اور جعل سازی کے الزامات پر پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (PMLA) کے تحت مقدمات درج ہیں۔
یہ کمپنی باضابطہ طور پر "سری گوکولم چٹ اینڈ فنانس کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ" کے نام سے جانی جاتی ہے۔ یہ بھارت کا ایک معروف مالیاتی ادارہ ہے جو بنیادی طور پر چِٹ فنڈ کے کاروبار میں مصروف ہے۔ اس کی بنیاد 23 جولائی 1968 کو اے ایم گوپالن نے چنئی کے علاقے میلپوّر میں رکھی تھی۔ آج یہ کمپنی بھارت بھر میں تقریباً 480 برانچز کے ساتھ کام کر رہی ہے اور اس کا کل کاروباری حجم 7000 کروڑ روپے سے زائد ہے۔