اماراتی ولی عہد کی آج پاکستان آمد، 12 ارب ڈالر کا مالیاتی پیکج متوقع ، جے ایف 17 تھنڈر طیارے معزز مہمان کو سلامی پیش کریں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید النہیان کی آج پاکستان آمد کہ موقع پر گارڈ آف آنر کے موقع پر جے ایف 17تھنڈر طیارے معزز مہمان کو سلامی پیش کریں گے جبکہ اماراتی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کیلئے 12ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کی امید کی جارہی ہے ۔
جیونیوز کے مطابق محمد بن زاید النہیان کا دور ہ پاکستا ن ایک روز کیلئے ہوگا ، محمدبن زائد اس دوران وزیراعظم عمران خان،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور اعلیٰ سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے،ولی عہد محمد بن زائد کے دورہ پاکستان کے موقع پر متحدہ عرب امارات پاکستان کیلئے تقریباً 12 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان کرے گاجس میں 3 سال میں پاکستان کو لگ بھگ ساڑھے 9 ارب ڈالر کا ادھار تیل،3 ارب ڈالر کا آسان شرائط پر قرضہ اور 3 ارب ڈالر سٹیٹ بینک میں رکھوائے جائیں گے جبکہ مختلف شعبوں میں ہونے والی سرمایہ کاری اس کے علاوہ ہوگی ۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر تیل کی فراہمی کیلئے 1 سال کا معاہدہ ہوگا، بعد میں دوسال کی مزید توسیع ہوگی، امارات پاکستان کو 3 ارب ڈالر کا آسان شرائط پر قرض بھی فراہم کرے گا، یواے ای کی طرف سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی منتقلی کا طریقہ کارطے ہونا ابھی باقی ہے، امارات پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کار بھی کرے گا اور پاکستان کو تیل کے علاوہ سعودی عرب کے برابر مالیاتی پیکج فراہم کیا جائیگا، وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر دو طرفہ مذاکرات بھی کئے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے جنوری کے پہلے ہفتے میں تین ارب ڈالر پاکستان کے اکاونٹ میں منتقل ہونا تھے، جس میں تاخیر ہوئی تاہم اب ولی عہد کے دورہ پاکستان میں اس رقم کی منتقلی کاباقاعدہ اعلان کیا جائے گا ۔