وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ بھی پیکو کمپنی کی287 ایکٹر زمین فروخت کرنے کیلئے متحرک ہو گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پیکو فیکٹری کی لاہور میں موجود 287ایکٹر زمین فروخت کرنے کیلئے سرگرم ہو گئے ہیں، اس سے قبل وفاقی حکو مت نے اس زمین کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔
نجی ٹی وی" سٹی 42"کے مطابق چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان انجینئرنگ کمپنی (پیکو)کی زمین کو فروخت کرنے کیلئے تفصیلات طلب کر لی ہیں، بٹالہ کمپنی 1948میں رجسٹرڈ ہوئی تھی جس کو 1972میں پاکستان انجینئرنگ کمپنی کا نام دیا گیا تھا اور حکومت پاکستان نے اس کمپنی کے شیئرز خریدے تھے ، کمپنی کے مسلسل خسارے کے باعث اس کمپنی کو بند کر دیا گیا اور اب اس کی زمین کو بھی فروخت کرنے کا سوچاجا رہا ہے ، وفاقی حکومت نے پیکو کی زمین اور شیئر ز فروخت کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر اب وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائیوٹائزیشن بورڈ اور بورڈ آف ریونیو سے تفصیلات طلب کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زمین کی فروخت سے وفاقی حکومت کیساتھ ساتھ پنجاب حکومت کو بھی پیسے ملیں گے ،کمپنی زمین کی ڈی سی ریٹ کے مطابق قیمت 31ارب روپے ہے جبکہ مارکیٹ قیمت 71ارب روپے سے زیادہ ہے، پیکو کی زمین بادامی باغ کے علاقے اور کوٹ لکھپت میں ہے ۔