پاکستان کی35برس سے کم 13کروڑ پر مشتمل نوجوان نسل ملکی تقدید بدل سکتی ہے ، وزیراعظم

پاکستان کی35برس سے کم 13کروڑ پر مشتمل نوجوان نسل ملکی تقدید بدل سکتی ہے ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(آن لائن،صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ35 سال سے کم عمر 13 کروڑ کی آبادی ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے جو ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے،نوجوانوں کی تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع کی فراہمی اور ان کی ہر شعبے میں شمولیت کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام محمد عثمان ڈار، وزیراعظم کے معاونین خصوصی نعیم الحق اور افتخار درانی، سیکرٹری ٹو پرائم منسٹر اعظم خان اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے گذشتہ دور میں نوجوانوں کیلئے شروع کیے جانے والے مختلف پروگرامز کے تجربے سے استفادہ کرتے ہوئے پورے ملک کیلئے جامع اور مفصل پروگرام مرتب کیا جائے جس میں نہ صرف معیاری تعلیم، صحت کی سہولتوں اور روزگار کے مواقع کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے بلکہ غریب خاندانوں کے نوجوانوں کو غربت سے نکالنے اور ان کو باعزت روزگار کی فراہمی میں مدد فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاتے ہوئے نوجوانوں کیلئے خصوصی پورٹل کا اہتمام کیا جائے تاکہ وہ براہ راست حکومت تک اپنی آراء، تجاویز اور شکایات پہنچا سکیں تاکہ مستقبل کی پالیسیاں ان تجاویز کی روشنی میں مرتب کی جا سکیں۔وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں اس وقت 13کروڑآبادی 35سال سے کم عمر ہے جس کی تعلیم و تربیت اور انہیں روزگار کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔سابقہ حکومت کے دور میں اربوں روپے سے شروع کیے جانے والے یوتھ پروگرامز کی افادیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ کامن ویلتھ یوتھ گلوبل ڈویلپمنٹ انڈیکس رینکنگ کے مطابق پاکستان کی پوزیشن گزشتہ پانچ برسوں میں 89نویں نمبر سے 154تک جا پہنچی ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی فریم ورک کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی سطح پر کی جانیوالی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی فریم ورک کا مقصد یکساں نظام تعلیم رائج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی فریم ورک کا مقصد ایسا نظام وضع کرنا ہے جس سے قوم کی تعمیر ہو اور اس سے نکلنے والے سچے پاکستانی ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی ہنرمندی پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے تا کہ ان کی صلاحیتوں کو موثر طور پر استعمال کیا جاسکے۔قبل ازیں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس کو بتایا کہ قومی تعلیمی پالیسی فریم ورک کا مقصد تمام بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہے، پورے ملک میں ایک ہی تعلیمی معیار کیلئے متعلقہ فریقین کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے قومی نصاب کونسل کے قیام کی تجویز بھی دی۔ پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس اور خیبر پختونخوا کے مشیر تعلیم ضیاء اللہ نے وزیر اعظم کو تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے کئے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان


اسلام آباد (آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ملاقات، دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اورسعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران دونوں ممالک کے مابین طے ہونے والے معاہدوں اور ان کی تفصیلات کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی ۔
سعودی سفیر/ملاقات

مزید :

صفحہ اول -