کراچی میں ٹریفک حادثات
ریسکیو ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک کراچی میں ٹریفک حادثات میں 700 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اِس دوران سات ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق50فیصد حادثات موٹر سائیکل اور 30 فیصد پیدل چلنے والوں کے ہوئے جبکہ ملیر، نیشنل ہائی وے اور گلشن حدید کے علاقوں میں سب سے زیادہ لوگ حادثات کا شکار ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دن کے اوقات میں ہیوی ٹریفک چلنے کی وجہ سے لوگ گاڑیوں کی زد میں آتے ہیں جبکہ ٹریفک قوانین سے واقفیت نہ ہونے کی باعث لوگ سڑک پارک کرتے وقت غلطیاں کرتے ہیں اور حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔ حادثات کی تعداد دیکھ کراندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کس حد تک بڑھ چکی ہے۔ ٹریفک کے معاملات میں بہتری لانے کے لئے قوانین کی پابندی ناگزیر ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اْجاگر کرنے کے لئے میڈیا میں مستقل بنیادوں پر آگاہی مہم چلائے اور خاص طور پر تعلیمی اداروں میں اِس پر زیادہ کام کیا جائے تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔