اینٹوں کے بھٹوں کو صنعت کا درجہ 

    اینٹوں کے بھٹوں کو صنعت کا درجہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

خیبرپختونخوا اسمبلی نے اینٹوں کے بھٹوں کو صنعت کا درجہ دینے کا بل منظور کر لیا۔یہ بِل معاون خصوصی برائے صنعت کی طرف سے پیش کیا گیا اور قانون بننے کے بعد اینٹوں کے بھٹوں کو باقاعدہ صنعت تصور کیا جائے گا۔ بِل میں کہا گیا ہے کہ بھٹوں کی رجسٹریشن اتھارٹی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انڈسٹریز اینڈ کامرس ہو گی۔ نئی قانون سازی کی شق 18 اہم ہے کیونکہ اِس کے تحت چار ماہ میں متعلقہ رولز بنانا لازم ہیں۔بِل کے مطابق رجسٹریشن کے بغیر کوئی بھی بھٹہ نہیں چلا یا جا سکے گا جبکہ ماحول دوست ٹیکنالوجی کے بغیر کوئی بھی بھٹہ رجسٹر ہی نہیں ہو سکے گا،سکولوں،ہسپتالوں،ٹرانسمیشن لائنوں اور جنگلات کے قریب بھٹے قائم نہیں کیے جا سکیں گے، پہلے سے موجود بھٹے کو 120دن کے اندر اتھارٹی کے ساتھ رجسٹر کرانے کے علاوہ نیا بھٹہ قائم کرنے سے پہلے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ لینا ضروری ہو گا۔ نئے بِل کے مطابق خلاف ورزی پر چھ ماہ قید اور دو لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکے گا جبکہ جرمانے کے خلاف اپیل ایپلیٹ اتھارٹی کے سامنے دائر کی جا سکے گی جو دو ماہ کے اندر اِس کا فیصلہ کرنے کی پابند ہو گی،رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کی ہر سال تجدید لازم ہو گی، اتھارٹی کے پاس سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی صورت بھٹہ بند کرنے کا اختیار ہو گا۔ عوامی سطح پر مذکورہ قانون سازی کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے تاہم ضروری ہو گا کہ مقررہ وقت میں اِس کے رولز بنا لیے جائیں اور متعلقہ محکمے بھی نئے قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے سخت اقدامات کریں تاکہ آنے والی نسلوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

٭٭٭٭٭

مزید :

رائے -اداریہ -