برطانیہ میں انجان شخص نے لڑکی کے منہ پر کاٹ کر چہرہ لہو لہان کردیا
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )برطانیہ میں عجیب واقعہ پیش آیا جب بس میں سفر کرتی ایک لڑکی کے چہرے پر انجان شخص نے کاٹ کر چہرہ لہو لہان کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلا ڈولنگ نامی ایک 19 سالہ لڑکی پر ایک نشے میں دھت اجنبی شخص حملہ آور ہوا جس کی شناخت 53 سالہ ڈیرن ٹیلر کے نام سے ہوئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلا نے جیسے ہی مسافر بس سے باہر نکلنے کی کوشش کی تو اچانک ڈیرن ٹیلر نے اس کے چہرے پر وحشیانہ انداز سے کاٹ کر زخمی کر دیا۔ ملزم نے پرتشدد حملہ تقریباً پانچ منٹ تک جاری رکھا۔
واقعے کے دوران ایلا کی دوستوں نے اسے حملہ آور سے بچانے کی کوشش کی اور راہگیروں نے ملزم کو پولیس کے پہنچنے تک وہیں روکے رکھا اور اسے شدید نقصان پہنچانے پر پولیس کے حوالے کردیا۔
ایلا کو شدید چوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، اس کی ناک کا نتھنا اور ہونٹ جزوی طور پر پھٹ چکا تھا جبکہ دوسرا ہونٹ بھی بری طرح زخمی ہو گیا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایلا کو فوری علاج کے لئے ہسپتال لے جایا گیا۔ وہ پہلے چیلٹنہم جنرل ہسپتال گئیں اور پھر ایمرجنسی سرجری کے لئے گلوسٹر شائر رائل ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ متاثرہ لڑکی کے زخموں کو بند کرنے میں پچاس ٹانکے لگائے گئے تھے۔