پولیو ویکیسن کا تصدیقی سرٹیفکیٹ لازم

  پولیو ویکیسن کا تصدیقی سرٹیفکیٹ لازم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈپٹی کمشنر پشاور نے پیدائش، شادی، طلاق اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کوانسداد ِپولیو کے قطرے پلانے سے مشروط کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا  ہے۔ مذکورہ سرٹیفکیٹس کے حصول کے لئے پولیو ویکسی نیشن کا تصدیقی سرٹیفیکٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے اور اب ویلج یا  نیبر ہوڈ کونسل ضلعی محکمہ صحت  سے اجازت (این او سی)کے بغیر مذکورہ سرٹیفیکٹ جاری نہیں کر سکے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے یہ قدم پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے انکاری والدین کو پابند کرنے کیلئے کیا ہے۔ یاد رہے کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع،،دیہات اور قصبوں میں والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے سے پلانے سے انکاری ہیں۔انضمام شدہ قبائلی اضلاع کے بیشتر علاقوں میں تربیتی سیشن کیے جانے کے باوجود لوگ پولیو قطرے پلانے پر تیار نہیں ہیں بلکہ کئی مقامات پر تو پولیو ٹیموں پر حملے کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے اب تک محکمہ صحت  کے کئی ملازمین اور پولیس اہلکار جاں بحق  یا زخمی ہو چکے ہیں۔ضلعی حکومت کے اِس اقدام  کی صوبے کے اْن دیگر تمام اضلاع کو بھی تقلید کرنی چاہئے جن کے رہائشی پولیو کے قطرے پلانے سے گریزاں ہیں۔حکومت اپنی طرف سے پولیو کے خاتمے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے لیکن اس کو جڑ سے اکھاڑنے کے لئے عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، جہالت اور کم علمی کے باعث کسی بھی بچے کو عمر بھر کی معذوری میں مبتلا کرنے کا حق کسی کو نہیں ہے، اس کے اپنے ماں باپ کو بھی نہیں۔

مزید :

رائے -اداریہ -