مظفر آباد میں پاسبان حریت جموں کشمیر کی یوم پاکستان ریلی،شہریوں کی شرکت

    مظفر آباد میں پاسبان حریت جموں کشمیر کی یوم پاکستان ریلی،شہریوں کی شرکت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 مظفر آباد(این این آئی)یوم پاکستان کے موقع پر مظفر آباد میں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیرِ اہتمام ایک ریلی نکالی گئی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے لہرا کر شہر کی مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمدغزالی، حریت رہنما عبد المجید میر، پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت جاوید میر، عثمان علی ہاشم، راجہ محمد عارف خان، چوہدری فیروز الدین، عبدالحمید لون، چوہدری محمد اسماعیل، محمد اسحاق شاہین اور دیگر کر رہے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر”پاکستان سے رشتہ کیا لا الہ الااللہ“ کے نعرے درج تھے۔شرکاء نے بانیانِ پاکستان، شہدائے پاکستان اور شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے بھی بینرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء ”جیوے جیوے پاکستان“،”پاکستان زندہ باد“ اور”بھارت مردہ باد“کے نعرے لگارہے تھے۔ مقررین نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کے عوام بانیان پاکستان، شہدائے پاکستان و کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،قائد اعظم محمد علی جناح، مصور پاکستان علامہ محمد اقبال کی ولولہ انگیز قیادت نے علیحدہ مملکت کے قیام کے لیے عظیم جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے اور لاکھوں خاندان ہجرت پر مجبور ہوئے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان ستاون اسلامی ممالک میں واحد ایٹمی ملک کے طور پر موجود ہے، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان امت مسلمہ کیلئے دفاعی حصار کی حیثیت رکھتا ہے اور ایک مضبوط اور پیشہ ور فوج اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وقار اور طاقت میں مزید اضافہ کرتی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان مقبوضہ جموں کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔ مقررین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کی جانب سے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کشمیریوں کے لئے بہت اہمیت رکھتی ہے۔

ریلی 

مزید :

علاقائی -