کچے میں آپریشن، 3 ڈاکو ہلاک، 51 ہزار ایکڑ زمین واگزار
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس نے پنجاب کے کچے کے علاقے میں ایک کارروائی کے دوران تین ڈاکوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، اس عمل میں 51 ہزار ایکڑ اراضی بھی واگزار کرائی گئی ہے۔ پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی) ڈاکٹر عثمان انور نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو جاری آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں جبکہ 8 زخمیوں سمیت 46 مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے بتایا کہ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقے میں تازہ کمک بھیج دی گئی ہے ، خطرناک ترین گینگ قابیل سکھانی کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے جبکہ علاقے میں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلیئر کرائے گئے علاقوں میں پولیس چوکیاں بھی قائم کر دی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے آپریشن کے دوران پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اہلکاروں اور افسران کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کی ہدایت کی جبکہ سڑکوں اور پلوں کی مرمت اور دیگر ترقیاتی کاموں کا پلان بھی تیار کیا۔
خیال رہے کہ کچے کا علاقہ ایک طویل عرصے سے مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے جانا جاتا ہے، جہاں گینگ دلدلی زمین کو چھپنے اور غیر قانونی سرگرمیاں کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔