وفاقی کابینہ میں توسیع، 4 سے 5 وزرا ءلیے جائیں گے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی کابینہ میں توسیع کے اگلے مرحلے کے لیے مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہوگئی، کابینہ میں 4 سے 5 وزرا لیے جائیں گے جبکہ حنیف عباسی، طارق فضل چودھری، بیرسٹرعقیل ملک اور طلال چودھری کا نام ممکنہ وزرا ءمیں شامل ہے۔
نجی ٹی وی" آج نیوز" نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ وفاقی کابینہ میں توسیع کے اگلے مرحلہ کے لیے مشاورت حتمی مراحل میں داخل ہو گئی، اس حوالے سے وزیر اعظم شہبازشریف نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے مشاورت مکمل کرلی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں توسیع کا مرحلہ اگلے ہفتے کے دوران ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ کابینہ میں توسیع سے قبل وزیراعظم ممکنہ امیدوار وں سے انفرادی ملاقاتیں کریں گے جبکہ کابینہ میں 4 سے 5 وزرا ءلیے جائیں گے۔
حنیف عباسی، طارق فضل چودھری، بیرسٹرعقیل ملک، طلال چودھری کا نام ممکنہ وزرا میں شامل ہے جبکہ سینیٹر خلیل طاہر سندھو، اختیار ولی اور ڈاکٹر توقیر شاہ کے نام بھی زیرغورہیں۔