ارشد زبیری انتقال کر گئے

  ارشد زبیری انتقال کر گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

زبیری خاندان کے میڈیا انٹرپرینیور اور تجربہ کار معاشی تجزیہ نگار ارشد اے زبیری طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔ اْن کی عمر 73 برس تھی، اْنہوں نے اہلیہ، دو بیٹوں، ایک بیٹی، پوتے، پوتیوں اور نواسے، نواسیوں کو سوگوار چھوڑا۔ ارشد زبیری انگریزی روزنامہ“بزنس ریکارڈر کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو تھے، آدم جی سائنس کالج سے انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ امریکہ چلے گئے جہاں سے مکینیکل انجینئرنگ میں گریجوایشن مکمل کرتے ہی وطن واپس آنا پڑا، انہیں خاندان کے نئے کاروباری منصوبے بزنس ریکارڈر میں انتظامی اور پیداواری معاملات کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اٹھانا تھی۔ وہ کئی بار آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی (اے پی این ایس) کے سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے، اْن کا شمار پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے بانیوں میں ہوتا ہے، وہ اقتصادی مشاورتی کونسل، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور سٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت کئی قابلِ قدر ملکی فورمز اور اداروں کا حصہ رہے۔اُن کا مطالعہ وسیع تھا،اعلیٰ پائے کے تبصرہ نگار تھے، خاص طور پر معاشی معاملات پر انتہائی مہارت کے ساتھ اپنی رائے کا اظہار کیا کرتے تھے۔ وہ خوش مزاج تھے، ملنسار تھے اور علالت سے قبل سماجی تقریبات میں بھرپور شرکت کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔ آمین!!!

مزید :

رائے -اداریہ -