طالبہ کے والد کو نازیبا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے پر ٹیچر گرفتار

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلورو میں ایک سکول ٹیچر کو ایک طالبہ کے والد کو بلیک میل کرنے اور اس سے بھاری رقم بٹورنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق 25 سالہ سری دیوی روداگی اور اس کے دو ساتھی 38 سالہ گنیش کالے اور 28 سالہ ساگر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک طالب علم کے والد کو ذاتی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کر کے پہلے چار لاکھ روپے حاصل کیے اور پھر مزید 15 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا۔
متاثرہ شخص ایک تاجر ہے جو اپنی بیوی اور تین بیٹیوں کے ساتھ رہتا تھا۔ اس نے 2023 میں اپنی پانچ سالہ بیٹی کو ایک سکول میں داخل کرایا، جہاں اس کی ملاقات سری دیوی روداگی سے ہوئی۔ اس دوران دونوں کے درمیان مسلسل رابطہ رہا جس میں پیغامات اور ویڈیو کالز شامل تھیں۔
رشتے میں قربت آنے کے بعد سری دیوی روداگی نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے متاثرہ شخص سے چار لاکھ روپے بٹور لیے۔ جنوری میں اس نے مزید 15 لاکھ روپے کا مطالبہ کر دیا، جس کے بعد متاثرہ شخص نے اپنی فیملی کو گجرات منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔
جب وہ اپنی بچی کا ٹرانسفر سرٹیفکیٹ لینے سکول گیا تو تینوں ملزمان نے اسے گھیر لیا اور اس کی نجی تصاویر اور ویڈیوز دکھا کر 20 لاکھ روپے کی مزید رقم طلب کی۔ خوفزدہ ہو کر متاثرہ شخص نے فوری طور پر ایک لاکھ 90 ہزار روپے ٹرانسفر کر دیے لیکن بلیک میلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
جب سری دیوی روداگی مسلسل مزید رقم کا تقاضا کرتی رہی تو متاثرہ شخص نے پولیس سے رابطہ کر لیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا، جنہیں 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔