امریکی قونصل جنرل کی سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت، وحشی درندوں کا گھناﺅنا کھیل روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی قونصل جنرل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے سانحہ گلشن اقبال پارک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ غم کی اس گھڑی میں عوام اور پنجاب حکومت کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وحشی درندوں کے گھناﺅنے کھیل کو روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی اور اس دوران سانحہ گلشن اقبال پارک پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ غم کی اس گھڑی عوام اور پنجاب حکومت کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانیت کے سفاک قاتل پوری دنیا کے مشترکہ دشمن ہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم کو مل کر اقدامات اٹھانا ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وحشی درندوں کو بربریت کے گھناﺅنے کھیل سے روکنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔