لاہور میں فوڈیز اینڈ فرینڈز کے زیر اہتمام کھانا پکانے کا مقابلہ، 24 ہوم شیفس خواتین کی شرکت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) زندہ دلان کے شہر لاہور میں فوڈیز اینڈ فرینڈز کی جانب سے کھانا پکانے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والی 24 ہوم شیفس خواتین نے شرکت کی۔مقابلے میں حصہ لینے والی ماہر شیفس نے مزے مزے کی ڈشزتیار کیں۔
مقابلے کے دوران ہر شیف کو دو ڈشیں تیار کرنی تھیں جبکہ ان ڈشز کو پیش کرنے کےلیےبھی خاص انداز اپنائے گئے۔
مقابلے کا مقصد گھریلو خواتین کو اپنی ڈشز کو بہتر انداز میں ہیش کرنے کا ہنر سکھانا اور اور انہیں دور حاضر کے جدید کچن اور اس کے تقاضوں سے روشناس کروانا تھا۔
سی ای او فوڈیز اینڈ فرینڈز خرم علی خان کا کہنا تھا کہ مقابلے کا مقصد گھریلو خواتین کو یہ اعتماد فراہم کرنا تھا کہ وہ بھی کسی سے کم نہیں اور دور جدید کے تقاضوں کو اپنانا جانتی ہیں۔
ایونٹ میں اینکر پرسن صفدر علی نے بھی شرکت کی جن کا کہنا تھا کہ بدترین مہنگائی نے عوام کو پریشان کردیا ہے ، ایسی صورت حال میں اس طرح کے ایونٹس خوشگوار ہوا کے جھونکے کے مترادف ہیں جو لوگوں کو تازہ دم ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
مقابلے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلوں کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے ہمیں کافی اعتماد ملا۔
سخت مقابلے کے بعد سب سے مزیدار ڈش تیار کرکے جیتنے والوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔