ایف آئی اے کے 18 اہلکاروں کے انسانی سمگلروں سے رابطوں کا انکشاف
فیصل آباد(آئی این پی)یونان کشتی کے متاثرہ نوجوانوں کے فیصل آباد ایئرپورٹ سے جانے کے معاملے میں بڑا انکشاف ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے 18 اہلکاروں کے خلاف انکوائری میں انسانی سمگلروں سے رابطے سامنے آئے ہیں۔ ایئرپورٹ پر تعینات عملے نے انسانی سمگلروں سے تعاون کرنے کی عوض پیسوں کی ڈیل کی۔تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایف آئی اے عملے نے محمد شہزاد کانسٹیبل کے ذریعے انسانی سمگلروں سے ڈیل کی۔
انکوائری کے مطابق ایف آئی اے عملے نے انسانی سمگلروں سے فی مسافر کلیئرنس کے عوض 25 ہزار روپے کی ڈیل کی اور 4 نوجوانوں کو ایئرپورٹ سے گزارنے کے عوض 1 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔تحقیقات کے مطابق الزامات کی زد میں آنے والے اہلکاروں کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے کے گرفتار اہلکاروں کی درخواست پر سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں اہلکاروں کی ضمانت کی درخواست کو موخر کردیا گیا۔سپیشل کورٹ نے مقدمے کے مدعی کو 15 جنوری کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔