جب آدمی کے حال پہ آتی ہے مفلسی ۔۔۔(مفلسی پہ نظیر اکبر آبادی کی تاریخی نظم )

جب آدمی کے حال پہ آتی ہے مفلسی ۔۔۔(مفلسی پہ نظیر اکبر آبادی کی تاریخی نظم )
جب آدمی کے حال پہ آتی ہے مفلسی ۔۔۔(مفلسی پہ نظیر اکبر آبادی کی تاریخی نظم )

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جب آدمی کے حال پہ آتی ہے مفلسی 

کس کس طرح سے اس کو ستاتی ہے مفلسی 

پیاسا تمام روز بٹھاتی ہے مفلسی 

بھوکا تمام رات سلاتی ہے مفلسی 

یہ دکھ وہ جانے جس پہ کہ آتی ہے مفلسی 

کہیے تو اب حکیم کی سب سے بڑی ہے شاں 

تعظیم جس کی کرتے ہیں تو اب اور خاں 

مفلس ہوئے تو حضرت لقماں کیا ہے یاں 

عیسیٰ بھی ہو تو کوئی نہیں پوچھتا میاں 

حکمت حکیم کی بھی ڈوباتی ہے مفلسی 

جو اہل فضل عالم و فاضل کہاتے ہیں 

مفلس ہوئے تو کلمہ تلک بھول جاتے ہیں 

وہ جو غریب غربا کے لڑکے پڑھاتے ہیں 

ان کی تو عمر بھر نہیں جاتی ہے مفلسی 

مفلس کرے جو آن کے محفل کے بیچ حال 

سب جانیں روٹیوں کا یہ ڈالا ہے اس نے جال 

گر گر پڑے تو کوئی نہ لیے اسے سنبھال 

مفلس میں ہوویں لاکھ اگر علم اور کمال 

سب خاک بیچ آ کے ملاتی ہے مفلسی 

جب روٹیوں کے بٹنے کا آ کر پڑے شمار 

مفلس کو دیویں ایک تونگر کو چار چار 

گر اور مانگے وہ تو اسے جھڑکیں بار بار 

مفلس کا حال آہ بیاں کیا کروں میں یار 

مفلس کو اس جگہ بھی چباتی ہے مفلسی 

مفلس کی کچھ نظر نہیں رہتی ہے آن پر 

دیتا ہے اپنی جان وہ ایک ایک نان پر 

ہر آن ٹوٹ پڑتا ہے روٹی کے خوان پر 

جس طرح کتے لڑتے ہیں اک استخوان پر 

ویسا ہی مفلسوں کو لڑاتی ہے مفلسی 

کرتا نہیں حیا سے جو کوئی وہ کام آہ 

مفلس کرے ہے اس کے تئیں انصرام آہ 

سمجھے نہ کچھ حلال نہ جانے حرام آہ 

کہتے ہیں جس کو شرم و حیا ننگ و نام آہ 

وہ سب حیا و شرم اڑاتی ہے مفلسی 

یہ مفلسی وہ شے ہے کہ جس گھر میں بھر گئی 

پھر جتنے گھر تھے سب میں اسی گھر کے در گئی 

زن بچے روتے ہیں گویا نانی گزر گئی 

ہم سایہ پوچھتے ہیں کہ کیا دادی مر گئی 

بن مردے گھر میں شور مچاتی ہے مفلسی 

لازم ہے گر غمی میں کوئی شور غل مچائے 

مفلس بغیر غم کے ہی کرتا ہے ہائے ہائے 

مر جاوے گر کوئی تو کہاں سے اسے اٹھائے 

اس مفلسی کی خواریاں کیا کیا کہوں میں ہائے 

مردے کو بے کفن کے گڑاتی ہے مفلسی 

کیا کیا مفلسی کی کہوں خواری پھکڑیاں 

جھاڑو بغیر گھر میں بکھرتی ہیں جھکڑیاں 

کونے میں جالے لپٹے ہیں چھپر میں مکڑیاں 

پیسا نہ ہووے جن کے جلانے کو لکڑیاں 

دریا میں ان کے مردے بہاتی ہے مفلسی 

بی بی کی نتھ نہ لڑکوں کے ہاتھوں کڑے رہے 

کپڑے میاں کے بنیے کے گھر میں پڑے رہے 

جب کڑیاں بک گئیں تو کھنڈر میں پڑے رہے 

زنجیر نے کواڑ نہ پتھر گڑے رہے 

آخر کو اینٹ اینٹ کھداتی ہے مفلسی 

نقاش پر بھی زور جب آ مفلسی کرے 

سب رنگ دم میں کر دے مصور کے کرکرے 

صورت بھی اس کی دیکھ کے منہ کھنچ رہے پرے 

تصویر اور نقش میں کیا رنگ وہ بھرے 

اس کے تو منہ کا رنگ اڑاتی ہے مفلسی 

جب خوب رو پہ آن کے پڑتا ہے دن سیاہ 

پھرتا ہے بوسے دیتا ہے ہر اک کو خواہ مخواہ 

ہرگز کسی کے دل کو نہیں ہوتی اس کی چاہ 

گر حسن ہو ہزار روپے کا تو اس کو آہ 

کیا کوڑیوں کے مول بکاتی ہے مفلسی 

اس خوب رو کو کون دے اب دام اور درم 

جو کوڑی کوڑی بوسہ کو راضی ہو دم بہ دم 

ٹوپی پرانی دو تو وہ جانے کلاہ جسم 

کیوں کر نہ جی کو اس چمن حسن کے ہو غم 

جس کی بہار مفت لٹاتی ہے مفلسی 

مفلس بیاہ بیٹی کا کرتا ہے بول بول 

پیسا کہاں جو جا کے وہ لاوے جہیز مول 

جورو کا وہ گلا کہ پھوٹا ہو جیسے ڈھول 

گھر کی حلال خوری تلک کرتی ہے ٹھٹھول 

ہیبت تمام اس کی اٹھاتی ہے مفلسی 

بیٹے کا بیاہ ہو تو نہ بیاہی نہ ساتھی ہے 

نے روشنی نہ باجے کی آواز آتی ہے 

ماں پیچھے ایک میلی چدر اوڑھے جاتی ہے 

بیٹا بنا ہے دولہا تو باوا براتی ہے 

مفلس کی یہ برات چڑھاتی ہے مفلسی 

مفلس کا درد دل میں کوئی ٹھانتا نہیں 

مفلس کی بات کو بھی کوئی مانتا نہیں 

ذات اور حسب نسب کو کوئی جانتا نہیں 

صورت بھی اس کی پھر کوئی پہچانتا نہیں 

یاں تک نظر سے اس کو گراتی ہے مفلسی 

کیسا ہی آدمی ہو پر افلاس کے طفیل 

کوئی گدھا کہے اسے ٹھہرا دے کوئی بیل 

کپڑے پھٹے تمام بڑھے بال پھیل پھیل 

منہ خشک دانت زرد بدن پر جما ہے میل 

سب شکل قیدیوں کی بناتی ہے مفلسی 

ہر آن دوستوں کی محبت گھٹاتی ہے 

جو آشنا ہیں ان کی تو الفت گھٹاتی ہے 

اپنے کی مہر غیر کی چاہت گھٹاتی ہے 

شرم و حیا و عزت و حرمت گھٹاتی ہے 

ہاں ناخن اور بال بڑھاتی ہے مفلسی 

جب مفلسی ہوئی تو شرافت کہاں رہی 

وہ قدر ذات کی وہ نجابت کہاں رہی 

کپڑے پھٹے تو لوگوں میں عزت کہاں رہی 

تعظیم اور تواضع کی بابت کہاں رہی 

مجلس کی جوتیوں پہ بٹھاتی ہے مفلسی 

مفلس کسی کا لڑکا جو لے پیار سے اٹھا 

باپ اس کا دیکھے ہاتھ کا اور پاؤں کا کڑا 

کہتا ہے کوئی جوتی نہ لیوے کہیں چرا 

نٹ کھٹ اچکا چور دغاباز گٹھ کٹا 

سو سو طرح کے عیب لگاتی ہے مفلسی 

رکھتی نہیں کسی کی یہ غیرت کی آن کو 

سب خاک میں ملاتی ہے حرمت کی شان کو 

سو محنتوں میں اس کی کھپاتی ہے جان کو 

چوری پہ آ کے ڈالے ہی مفلس کے دھیان کو 

آخر ندان بھیک منگاتی ہے مفلسی 

دنیا میں لے کے شاہ سے اے یار تا فقیر 

خالق نہ مفلسی میں کسی کو کرے اسیر 

اشراف کو بناتی ہے اک آن میں فقیر 

کیا کیا میں مفلسی کی خرابی کہوں نظیرؔ 

وہ جانے جس کے دل کو جلاتی ہے مفلسی