برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ پاکستان کے نام کرتا ہوں، سہیل عدنان

برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ پاکستان کے نام کرتا ہوں، سہیل عدنان
برٹش اوپن سکواش چیمپئن شپ پاکستان کے نام کرتا ہوں، سہیل عدنان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور  ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کی شان، پاکستان کو 18 سال بعد برٹش جونئیر اوپن سکواش چیمپئن شپ جتوانے والے قومی ہیرو سہیل عدنان وطن واپس پہنچ گئے۔ پنجاب سکواش کمپلیکس میں چیمپئن سہیل عدنان کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں سیکرٹری داخلہ پنجاب و چیئرمین پنجاب سکواش ایسوسی ایشن نور الامین مینگل نے قومی ہیرو کا استقبال کیا۔ تقریب میں چیمپئن سہیل عدنان کے والدین، اہل خانہ، کوچز اور سکواش ایسوسی ایشن کے اعلیٰ عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب سکواش کمپلیکس پاکستان ذندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

تقریب میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان چیمپئن سہیل عدنان نے کہا کہ ٹف میچز کھیل کر مزہ آیا اور جیت کر بہت خوشی ہے۔18 سال بعد چیمپئن شپ جیت کر پاکستان کے نام کرتا ہوں۔ والدین، کوچز، سپورٹس ایسوسی ایشن کی مدد پر شکر گزار ہوں اور مستقبل میں مزید محنت سے پاکستان کیلئے اعزازات لانا چاہتا ہوں۔

 صدر پنجاب سکواش ایسوسی ایشن و سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سہیل عدنان نے بڑا کارنامہ سر انجام دیا ہے برٹش اوپن جیتنا ورلڈ چیمپئن شپ جیسا ہے۔ دنیا کے ایک ہزار بہترین کھلاڑیوں کے مقابلے میں اول پوزیشن پاکستان کیلئے عظیم اعزاز ہے۔  سکواش لیجنڈز جہانگیر خان، جان شیر خان کے بعد سہیل عدنان جیسے نوجوان پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ سکواش ایسوسی ایشن میں 10 سے 13 سال کے کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت اور مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

چیمپئن سہیل عدنان کے والدین نے اپنی گفتگو میں بتایا کہ سہیل عدنان کی طرح چاروں بچے سکواش کھیل رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے سہیل کی کامیابی میں کوچز اور سکواش ایسوسی ایشن کے کردار کی تعریف کی۔

 تقریب میں سیکرٹری پاکستان سکواش ائیر کموڈور ریٹائرڈ عامر نواز، ڈائریکٹر اکیڈیمکس عرفان اصغر، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب، سینیئر نائب صدر سہیل خان، نائب صدر محمد منصور، ڈائریکٹر پنجاب سکواش مامون خان اور نوجوان سکواش پلیئرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔