یوتھ فیسٹیول جاب فیئر کے ذریعے ایک ہزار نو جوانو ں کو فوری ملازمتیں مل گئیں
لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو کھیل اور صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں فکرروزگار سے آزاد کرنے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیئے یوتھ فیسٹیول جاب فیئرکے ذریعے باصلاحیت نوجوانوں کو فوری طور پر ایک ہزار ملازمتیں فراہم کردیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پنجاب یوتھ فیسٹیول ، پنجاب سپورٹس بورڈ ، روزی ڈاٹ پی کے اور پی آئی ٹی بی کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر لاہو رمیں پاکستان کے سب سے بڑے جاب فیئرکا انعقاد کیا گیا جس میں موقع پر موجود مختلف کمپنیوں کے ایڈمن آفیسرز نے انٹرویوز کے ذریعے ایک ہزار نوجوانوں کو موقع پر ہی ملازمتیں فراہم کیں۔ جاب فیئرمیں ملک بھر سے نوکری کے متلاشی 40 ہزار بے روزگار خواتین و حضرات نے شرکت کی اور پی ٹی سی ایل، مائیکروفنانس، ایجوکیٹرزسمیت 50 سے زائد کمپنیوں نے انہیں ملازمتوں کیلئے رجسٹر کیا۔جاب فیئرکے ذریعے ملازمتیں حاصل کرنے والے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب حکومت کے بے حد مشکور ہیں کہ انہوں نے بے روزگا رنوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیاجہاں نوکری حاصل کرکے انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ قبل ازیں جاب فیئر کے افتتاح کے موقع پر صوبائی وزیر تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے بے روز گار نوجوانوں کو ملازمتیں مہیا کرنے کے لیئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے جاب فیئر کا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے اور اتنا بڑا جاب فیئر پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی منعقد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف ، وزیر اعلی میا ں شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم پاکستانی یوتھ کو خوشحالی اور ترقی کی منزل کی طرف گامزن کرچکی ہے اور پنجاب حکومت کی کاوششوں کے نتائج سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے نوجوان نسل کو باعزت روگار مہیا کرنے کے لیئے جاب فیئر پہلا قدم ہے مزید نوکریاں پیدا کرنے کے لیئے پنجاب حکومت منصوبہ بندی کررہی ہے۔