گھر سے عجیب آوازیں، مالک نے کیمرہ ڈال کر دیکھا تو ایسا خطرناک منظر کہ پیروں تلے زمین نکل گئی

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) کیلیفورنیا کے ایک شہری کو لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک وائلڈ فائر کے بعد اپنے گھر واپس آنے پر ایک حیران کن سرپرائز مل گیا۔ 525 پاؤنڈ (238 کلوگرام) وزنی ایک بڑا ریچھ اس کے گھر کے نیچے رہائش پذیر تھا۔
سامع عربید نامی شخص نے سی این این کو بتایا کہ ایٹن فائر کے بعد اسے معلوم ہوا کہ ایک نر سیاہ ریچھ اس کے الٹیڈینا میں واقع گھر کے نیچے رہ رہا تھا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق یہ ریچھ جسے "بیری" کہا جاتا ہے، پہلے بھی علاقے میں گھومتا پھرتا نظر آیا تھا لیکن کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ وہ کسی کے گھر کے نیچے چھپا بیٹھا ہے۔
سامع عربید اور ان کی اہلیہ نے سب سے پہلے اپنے گھر کے نیچے سے عجیب آوازیں سنیں، جو ابتدا میں انہیں کسی چھوٹے جانور کی لگیں لیکن جب انہوں نے کیمرہ لگا کر دیکھا تو حیران رہ گئے کیونکہ وہاں ایک دیوہیکل ریچھ موجود تھا۔ علاقے میں بیشتر افراد آتشزدگی کی وجہ سے نقل مکانی کر چکے تھے لیکن بیری نے پناہ لینے کے لیے عربید کے گھر کے نیچے جگہ بنا لی۔ یہاں یہ ریچھ نہ صرف آگ سے محفوظ رہا بلکہ دھویں کے اثرات بھی اس پر اور آگ کے دھوئیں سے بھی متاثر نہیں ہوا۔
مقامی گیس کمپنی نے عربید کے گھر کی سروس سے انکار کر دیا کیونکہ ان کے مطابق ریچھ کی موجودگی میں وہاں کام کرنا ممکن نہیں تھا۔ اسی لیے مقامی فش اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کو بلایا گیا تاکہ بیری کو وہاں سے نکالا جا سکے۔ ریچھ کے بڑے سائز کے باعث، اسے بےہوش کرنے کا طریقہ بھی ممکن نہ تھا۔ 24 گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد بالآخر ایک روسٹ چکن کی مدد سے ٹیم نے اسے گھر سے باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔
فش اینڈ وائلڈ لائف ٹیم نے ریچھ کا طبی معائنہ کیا اسے جی پی ایس کالر پہنایا اور پھر اینجلز نیشنل فاریسٹ میں چھوڑ دیا۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوا، اور لوگ حیرت کا اظہار کر رہے ہیں کہ بیری جیسے بڑے ریچھ نے بغیر کسی کو نقصان پہنچائے ایک گھر کے نیچے کیسے پناہ لے لی!