پنجاب یوتھ فیسٹیول میں مزید تین نئے عالمی ریکارڈز قائم
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے دوسرے روز پاکستانی نوجوانوں نے مزید تین نئے عالمی ریکارڈز قائم کردیئے جس کے بعد فیسٹیول میں قائم کئے گئے عالمی ریکارڈز کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق یوتھ فیسٹیول کے دوسرے روز پہلا ریکارڈ سابق ٹیسٹ کرکٹر رانا نوید الحسن نے ایک منٹ میں 45 سٹروکس لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا جو اس سے قبل سابق انگلش کرکٹر اینڈریو فلنٹوف نے ایک منٹ میں 19 سٹروکس لگا کر قائم کیا تھا۔ جذباتی شائقین کے وقت سے پہلے میدان میں داخل ہوجانے سے پانچ سیکنڈز ضائع ہوگئے ورنہ سٹروکس کی تعداد زیادہ ہوسکتی تھی۔فیسٹیول کا دوسرا ریکارڈ کراچی کے محمد راشد نے لکڑی کے 68 بلاکس توڑ کر قائم کیا جو اس سے قبل امریکا میں لکڑی کے 47 بلاکس توڑ کر بنایا گیا تھا۔ تیسرا ریکارڈ ایک ہزار 450 لڑکے اور لڑکیوں نے ایک ہی وقت میں پنجہ آزمائی کرکے قائم کیا جو مارچ 2012 ءمیں لندن میں ایک ہزار 18 لوگوں نے قائم کیا تھا۔ ریکارڈ بنانے کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہے گا جس کے بعد رات کو اختتامی تقریب رکھی گئی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی فیسٹیول کے پہلے روز 6 عالمی ریکارڈز بنائے گئے تھے۔