کاوشیں ترک کریں،خلائی مخلوق سے انسانی رابطہ ہوگیاتو یہ انسانیت کا خاتمہ ہوگا کیونکہ ۔ ۔ ۔ ماہرسائنسدان نے خبردار کردیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خلائی مخلوق کے وجود کے حوالے سے بھی ایک بحث جاری ہے اور دوسری طرف دنیا میں ماہرین کی کئی ٹیمیں ممکنہ خلائی مخلوق کے ساتھ رابطے کی کوششیں بھی کر رہی ہیں۔ اب اس حوالے سے ایک ماہر نے انتہائی پریشان کن پیش گوئی کر دی ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق مارک بوشینن نامی اس ماہر طبیعات دان نے واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ اگر ہمارا خلائی مخلوق کے ساتھ رابطہ ہو گیا تو یہ رابطہ انسانیت کا خاتمہ کر دے گا، لہٰذا خلائی مخلوق کے ساتھ رابطے کی جتنی کوششیں ہو رہی ہیں، فوری طور پر روک دی جانی چاہئیں۔
اپنے آرٹیکل میں مارک بوشینن نے خلائی مخلوق کے ساتھ رابطے کے لیے کرسٹوفرکولمبس کے امریکہ دریافت کرنے کی مثال دیتے ہوئے کہ جس طرح کولمبس کے امریکہ دریافت کرنے کے بعد متعدد مقامی قبائل ختم ہو گئے۔ اسی طرح اگر خلائی مخلوق کا ہمارے ساتھ رابطہ ہوتا ہے تو ہم انسانوں کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔
انہوں نے لکھا ہے کہ ”ہمارا اب تک خلائی مخلوق کے ساتھ جو رابطہ نہیں ہو پایا، ہمیں اس پر شکر ادا کرنا چاہیے۔ میں خوش ہوں کہ ابھی تک خلائی مخلوق کے وجود کا بھی کوئی ثبوت نہیں ملا۔ تاہم اگر واقعی خلائی مخلوق کا وجود ہے، تو پھر ان کا ہم سے رابطہ ہمارے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو گا۔“