کراچی کی رہائشی عمارت میں بچوں کے جھولے کی پراسرار کہانی نے انٹرنیٹ پر پاکستانیوں کو خوفزدہ کردیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کچھ لوگ بھوت پریت پر یقین رکھتے ہیں اور کچھ نہیں لیکن اب کراچی سے ایک ایسی ویڈیو منظرعام پر آ گئی ہے کہ جو لوگ بھوت پریت پر یقین نہیں رکھتے انہیں بھی اس ویڈیو نے خوفزدہ کر دیا۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق یہ ویڈیو ’اپنا کراچی‘نامی فیس بک اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی گئی ہے جو ایک رہائشی عمارت کے گراﺅنڈ کی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گراﺅنڈ میں لگے جھولوں میں سے ایک خودبخود بہت تیزی کے ساتھ ہل رہا ہوتا ہے جبکہ باقی بالکل ساکت کھڑے ہوتے ہیں۔
حیران کن بات یہ کہ نہ تو اس ہلنے والے جھولے میں کوئی بچہ بیٹھا ہوتا ہے اور نہ ہی اسے کوئی حرکت دے رہا ہوتا ہے۔ ویڈیو بنانے والا شخص بتاتا ہے کہ اس وقت یہاں ہوا بھی نہیں چل رہی اور اگر چل بھی رہی ہوتی تو صرف اکیلا یہی جھولا ہی کیوں ہلتا، جبکہ باقی بالکل ساکت ہیں۔ فیس بک پر یہ ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے اورہر دیکھنے والے کو خوف میں مبتلا کر رہی ہے۔ویڈیو بنانے والا نوجوان یہ بھی بتاتا ہے کہ یہ جھولا اکثر اسی طرح خود بخود حرکت کرتا رہتا ہے اور عمارت کے رہائشی اس سے خوفزدہ رہتے ہیں اور اپنے بچوں کو اس گراﺅنڈ میں نہیں آنے دیتے۔واضح رہے کہ یہ عمارت کریک وسٹا اپارٹمنٹس کی ہے۔