ڈیجیٹل رئیل اسٹیٹ جس میں سرمایہ کاری کرکے آپ بھاری نفع کماسکتے ہیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)روایتی رئیل سٹیٹ بزنس کے بارے میں تو سبھی جانتے ہیں مگر بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ ڈیجیٹل رئیل سٹیٹ کا ایک کاروبار میں وجود میں آ چکا ہے جس میں سرمایہ کاری کرکے منافع کمایا جا سکتا ہے۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ڈیجیٹل رئیل سٹیٹ بھی روایتی رئیل سٹیٹ ہی کی طرح کا کاروبار ہے تاہم اس میں آپ جو اشیاءخریدتے ہیں ان کا زمین پر کوئی وجود نہیں ہوتا بلکہ وہ ٹیکنالوجی سے متعلق اشیاءہوتی ہیں۔
جس طرح آپ روایتی رئیل سٹیٹ کاروبار میں پلاٹ وغیرہ خریدتے ہیں، ڈیجیٹل رئیل سٹیٹ بھی بالکل اسی طرح کاکاروبار ہے۔ اس میں بھی آپ کو ڈیجیٹل جائیدادیں خریدنی ہوتی ہیں، جن میں ویب سائٹ ڈومین نیم سے لے کر میٹاورس میں موجود ایکچوئل پلاٹس تک کی چیزیں شامل ہیں۔
مثال کے طور پر مستقبل قریب میں ہو سکتا ہے کہ آپ کو عسکری 10، لاہورکے فلیٹس میٹاورس میں برائے فروخت ملیں۔ اس وقت ڈیجیٹل رئیل سٹیٹ ایک پرکشش کاروبار بن چکا ہے جسے شروع کرنے کے لیے زیادہ سرمائے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔ میٹاورس جیسی ڈیجیٹل دنیائیں وجود میں آنے کے بعد ڈیجیٹل رئیل سٹیٹ کا کاروبار بہت بیش قیمت ہوتا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کاروباربالکل ایسے ہی ہے جیسے آپ کسی اور دنیا یا کسی اور سیارے پر کوئی پلاٹ خرید رہے ہیں جہاں پلاٹس کی تعداد بھی بہت محدود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان پلاٹس کی بہت ویلیو ہے۔ اگر آپ بھی ڈیجیٹل رئیل سٹیٹ کا کاروبار کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سب سے پہلے آپ کو ایک ڈیجیٹل والٹ بنانا ہوگا۔
اس ڈیجیٹل والٹ میں آپ اپنی رقم محفوظ کریں گے اور اس کاروبار کے لیے اسی والٹ سے ادائیگی کی جائے گی۔ اس کے بعد آپ کو پلیٹ فارم کا انتخاب کرنا ہو گا۔ آپ ’اوپن سی‘ (OpenSea) اور NonFungible.comجیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے اس کاروبار سے وابستہ ہو سکتے ہیں۔