ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
آپ آج کل جن مشکلات کا شکار ہیں اور جو ڈپریشن چل رہا ہے ان شاءاللہ اس ہفتے ہی ان سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور اس کے لئے غیبی انداز سے سلسلے بن جائیں گے آپ کو پریشان ہونے کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔ اس وقت روز گار کا خانہ بھی بحکم اللہ بہتری ظاہرکر رہا ہے۔ اس طرف بھرپور توجہ دیں۔ بہت فائدہ حاصل ہوتا نظر آتا ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
جن لوگوں نے پچھلے دنوں سخت مالی مشکلات برداشت کی ہیں ان کے لئے اب اس ہفتے خوشخبری ہے اور جو لوگ اب نیا کام شروع کرنا چاہتے ہیں وہ بھی اللہ کا نام لے کر اپنے مقاصد کی جانب قدم بڑھائیں، اللہ نے چاہا تو اس میں کامیابی حاصل ہو سکے گی اور آپ کی اور بھی پریشانیاں کم ہو سکیں گی۔ جن لوگوں نے سفر کرنا ہے وہ اب تیاری شروع کر لیں۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
ان دنوں مال خانہ بند ہے جس کی و جہ سے تنگ دستی کا شکار ہو رہے ہیں، اللہ نے چاہا تو سات یوم کے بعد یہ خانہ کھل جائے گا تو آپ کو اس معاملے میں ساری پریشانیوں کا حل مل جائے گا۔ اس وقت خاموشی سے اپنے کام میں لگے رہیں اور کسی بھی ایسے معاملات سے دور رہیں جس میں آپ کا براہِ راست کوئی تعلق ہو، ورنہ بلا وجہ کی بلا آپ کے گلے پڑ جائے گی۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
آپ کو جن معاملات میں پچھلے کافی دنوں سے رکاوٹوں کا مسئلہ تھا اور جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے تھے ناکامی ملتی تھی، اب ان میں بہتری پیدا ہونا شروع ہو گئی ہے۔ اللہ نے چاہا تو آنے والے دن آپ کو ہر معاملے سے نکال کر بہتر راستے پر ڈال دیں گے اور برسوں کے بعد اب زندگی میں سکون کا سانس آنا شروع ہو جائے گا۔ یہ ہفتہ اولاد کے حوالے سے بھی بڑا اہم رہے گا۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
جس بھی پریشانی سے گزر رہے ہیں وہ اب عارضی رہ گئی ہے۔ اللہ نے چاہا تو اب آپ جلد ہر طرح کی پریشانیوں، مشکلات اور رکاوٹوں سے نجات پا لیں گے اور بالآخر سکون کی زندگی میں آ جائیں گے۔ اب سارا زور آپ کا اولاد اور اپنے گھر پر توجہ دینے اور اپنے روز گار پر ہونا چاہئے۔ ان شاءاللہ آپ اپنی توجہ اور محنت سے آپ ایک خوشگوار دن دیکھ سکیں گے فکر نہ کریں۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
جن افراد نے بڑے سخت دن دیکھے ہیں ان کے لئے اب خوشخبری ہے، ان کے دن کھل چکے ہیں۔ ان شاءاللہ اب تیزی سے بہتری کا سامنا ہوگا اور جس بھی قسم کی رکاوٹیں تھیں، سب سے پہلے وہ ختم ہوں گی تاکہ آگے بڑھنے میں آسانی رہے اور جن مخالفین نے پریشان کر رکھا تھا، وہ بحکم اللہ خودبخود بھاگ جائیں گے اور آپ کا راستہ صاف ہوتا چلا جائے گا ۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
آپ بالکل بھی پریشان نہ ہوں اللہ ہے نا، وہ آپ کو ہر مشکل سے نکال دے گا اور آپ کی زندگی کو آسان بنا دے گا۔ یہ ہفتہ کافی عرصے کے بعد آپ کی زندگی میں آسانیاں ،برکتیں اور رحمتیں لے کر آیا ہے۔ غیبی انداز سے اب سارے سلسلے بہتر ہو سکیں گے اور جن جن معاملات میں رکاوٹیں تھیں، وہ دور ہو سکیں گی۔ جو لوگ تنگ کر رہے تھے وہ بھی اب زندگی سے بھاگ جائیں گے۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
اب حالات بڑی تیزی سے بدل رہے ہیں، آنے والے دنوں کے بارے میں مناسب پلاننگ کی ضرورت ہے۔ آپ کو بڑا فائدہ حاصل ہوگا اور جس طرف سے بھی پریشانیاں اور رکاوٹیں مل رہی تھیں، وہ دور ہو سکیں گی۔ اس وقت حالات کا رخ دیکھ کر قدم اٹھائیں مناسب پلاننگ کے ساتھ تو اولاد کے حوالے سے فیصلہ کرنے اور رشتے وغیرہ طے کرنے میں آسانی آ جائے گی ا ور اس ہفتے کچھ رقم بھی ہاتھ لگے گی۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
ایک بار پھر صورتِ حال کسی اہم موڑ کی طرف لے کر جا رہی ہے، آپ کو چوکنا رہنا ہے اور کسی بڑے فیصلے کے لئے اب تیار بھی ہو جائیں۔ آپ نے اگر اب مناسب قدم اٹھا لیا تو پھر آنے والے دنوں میں وارے نیارے ہو جائیں گے۔ جو لوگ روز گار یا نوکری وغیرہ کی تلاش میں ہیں ان کے لئے بڑی خوشخبری ہے اور جن کا رشتہ وغیرہ طے نہیں ہو رہا تھا، وہ بھی اچھی خبر سن سکیں گے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
آپ کو اب اپنے دلی معاملات کا خاص خیال رکھنا ہے، جذباتی فیصلے نہ کریں اور جو چیز حاصل نہیں ہو سکتی، اس کے پیچھے پاگل نہ ہوں۔ جو نصیب میں ہوگا وہ ان شاءاللہ مل کر رہے گا۔ اس وقت خود کو سپردِ اللہ کریں اور اس سے وہ مانگیں جو آپ کے حق میں بہتر ہو۔ جو لوگ خود سے کسی تبدیلی کی طرف جانے کی کوشش کریں گے، وہ نقصان اٹھا سکتے ہیں۔ قدرتی تبدیلی فائدہ مند رہے گی۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
جن افراد نے بندش میں سالوں گزارے ہیں ان کی بندش اب کھل چکی ہے، وہ اب اللہ کا نام لے کر اپنے مقاصد کی طرف قدم اٹھائیں۔ ان شاءاللہ ان کو کامیابی حاصل ہو گی اور جس کام کے لئے بھی رقم درکار ہو گی، اس کا بندوست بھی ہو جائے گا۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بیرونِ ملک سفر کی کوشش میں لگے ہوئے تھے، وہ اب اپنے مقصد میں کامیاب ہوتے نظر آتے ہیں۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
نوکری میں بھی تبدیلی کا امکان ہے اور روزگار کے حوالے سے بھی کچھ اہم خبر مل سکتی ہے۔ جو لوگ اپنا کام شروع کرنا چاہتے ہیں، وہ بسم اللہ کریں بہتر رہے گا اور جو موجودہ کام نہیں چل رہا وہ تبدیل کریں یا کسی کے ساتھ شراکت داری کریں۔ اس طرح دوسروں کے نصیب کے ذریعے بھی اللہ پاک وسیلہ بنا کر رزق آپ تک پہنچا دیں گے۔ یہ ہفتہ ہر لحاظ سے شاندار رہے گا۔