واشنگٹن ایئرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ فائٹر جیٹ سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے ) نے واشنگٹن کے رونلڈ ریگن نیشنل ایئرپورٹ (ڈی سی اے) کے قریب ایک خطرناک فضائی حادثے سے بال بال بچنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جہاں ڈیلٹا ایئر لائنز کے ایک طیارے اور امریکی فضائیہ کے ایک T-38 جیٹ کے درمیان تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب چند ماہ قبل جنوری میں اسی ایئرپورٹ پر ایک فضائی حادثہ پیش آیا تھا جس میں 67 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
نیوز 18 کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز 2983 منیپولس سینٹ پال جا رہی تھی، دوپہر 2:55 پر ڈی سی اے کے گیٹ سے روانہ ہوئی اور اسے تقریباً 3:15 پر ٹیک آف کی اجازت دی گئی۔ اس پرواز میں دو پائلٹ، تین فلائٹ اٹینڈنٹ اور 131 مسافر سوار تھے۔ دوسری جانب امریکی فضائیہ کے چار T-38 طیارے آرلنگٹن نیشنل سیمیٹری پر ایک فلائی اوور کے لیے جا رہے تھے۔
جب فضائیہ کا جیٹ ڈیلٹا طیارے کے قریب پہنچا تو ڈیلٹا کی پرواز کو "آن بورڈ الرٹ" موصول ہوا، اور فضائی ٹریفک کنٹرولرز نے دونوں طیاروں کو فوری طور پر درست سمت میں پرواز کے احکامات جاری کیے۔ ایف اے اے کے مطابق ڈیلٹا فلائٹ 2983 اور دیگر طیاروں کے درمیان فاصلہ معمول سے کم ہو گیا تھا، جس سے تصادم کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا۔
ڈیلٹا ایئر لائنز کے حکام نے بتایا کہ فلائٹ کریو نے "ٹریفک الرٹ اور کولیژن اوائیڈنس سسٹم" کی ہدایات پر عمل کیا اور طیارے کو احتیاطی تدابیر کے تحت موڑ دیا۔ ڈیلٹا کے ترجمان نے کہا، "ہمارے مسافروں اور عملے کی حفاظت سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ فلائٹ کریو نے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق فوری اقدامات کیے۔"