برازیل میں ایک شخص سات شیروں کے ساتھ ایک گھر میںرہائش پزیر
برازیلیا(اے پی پی).برازیل کی ریاست پارانا کا ایک شخص سات شیروں کے ساتھ ایک گھر میں رہتا ہے۔ دلچسب بات یہ ہے کہ اس شخص کو ان جنگلی جانوروں کی جانب سے اپنے کنبے پر حملہ آور ہونے کا خدشہ تک نہیں ہے۔ برازیل کے ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ کہانی آٹھ برس پیشتر شروع ہوئی جب آری بورژیس نے دو شیروں کو عملی طور پر مرنے سے بچایا تھا جن سے ایک سے مقامی سرکس میں ظالمانہ طریقے سے کام لیا جاتا تھا۔ تب سے یہ شیر اس کے گھر میں مقیم ہیں اور بچے بھی پیدا کر چکے ہیں۔ بورژیس کے بچے شیروں کے ساتھ کھیلتے ہیں، تالاب میں ان کے ساتھ مل کر نہاتے ہیں اور تاحتٰی ان کو اپنے ہاتھوں سے خوراک بھی کھلاتے ہیں۔ جانوروں کے لیے واحد پابندی یہ ہے کہ انہیں کھانے کے وقت ڈائیننگ روم میں داخل نہیں ہونے دیا جاتا، ان کو کھانا باورچی خانے میں کھلایا جاتا ہے، بورژیس کا کہنا ہے کہ اسے کبھی اپنے بچوں کے لیے ان جانوروں سے خطرہ محسوس نہیں ہوا جو مسلسل ایک ساتھ رہتے ہیں۔
شیروں کے ساتھ تعظیم اور محبت سے پیش آنا چاہیے اور وہ بھی آپ سے اسی طرح پیش آئیں گے۔ جنگلی جانورون سے محبت کرنے والے اس شخص کا منصوبہ ہے کہ جلد ہی چالیس ہیکٹر پر مشتمل ایک ماحول دوست پارک بنائے جہاں یہ جانور آزادی کے ساتھ رہ سکیں۔