سگریٹ نوشی چھوڑنے کے بعد آپ کے پھیپھڑوں میں کیا تبدیلی آتی ہے؟ سائنسدانوں کا انکشاف جان کر آپ بھی خدا کی قدرت پر عش عش کر اُٹھیں گے
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) جو لوگ سگریٹ نوشی کی لت سے چھٹکارا پانے کی کوشش کر رہے ہیں ان کے لیے سائنسدانوں نے ایسی خوشخبری سنا دی ہے کہ انہیں اس سے یہ لت چھوڑنے میں مزید حوصلہ ملے گا۔ میل آن لائن کے مطابق کینسر ریسرچ برطانیہ کے سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ سگریٹ نوشی سے انسانی جسم کے جن خلیوں کو نقصان پہنچتا ہے، اگر انسان زندگی کے کسی بھی حصے میں سگریٹ نوشی چھوڑ دے تو ان خلیوں کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی ہو سکتی ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ جب کوئی شخص سگریٹ چھوڑتا ہے تو اس کے جسم میں صحت مند خلیوں کی نشوونما تیزی سے ہونے لگتی ہے اور ان خلیوں کو جو نقصان پہنچ چکا ہوتا ہے وہ واپس ٹھیک ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
اس تحقیق میں سائنسدانوں نے درجنوں افراد کے ٹشوز کے نمونوں کے ٹیسٹ کیے۔ ان افراد میں سگریٹ نوش بھی شامل تھے، کبھی سگریٹ نہ پینے والے بھی اور وہ بھی جو اب سگریٹ چھوڑ چکے تھے۔نتائج میں معلوم ہوا کہ جو لوگ سگریٹ چھوڑ چکے تھے ان کے خلیے سگریٹ نوشوں سے چار گنا بہتر حالت میں تھے، حتیٰ کہ ان میں سے کئی افراد کے خلیے ان لوگوں سے بھی بہتر ہو چکے تھے جنہوں نے کبھی سگریٹ نہیں پی تھی۔جن لوگوں کو سگریٹ چھوڑے جتنا زیادہ عرصہ ہو چکا تھا ان کے پھیپھڑوں کی حالت اتنی ہی بہتر تھی۔ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پیٹر کیمپ بیل کا کہنا تھا کہ ” حتیٰ کہ سگریٹ چھوڑنے والے شخص کی عمر 70سال ہو اور وہ 10ہزار سے زائد پیکٹ پھونک چکا ہو، پھر بھی سگریٹ چھوڑنے پر اس کے خلیوں کو پہنچنے والا نقصان تیزی سے ٹھیک ہونا شروع ہو جاتا ہے۔چنانچہ لوگوں کو یہ سوچ کر سگریٹ نوشی ترک کرنے کا عزم کرنا چاہیے کہ ان کے پھیپھڑے واپس اصلی حالت میں آ سکتے ہیں۔“