وزیراعظم شہباز شریف آج ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کا اعلان کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف آج ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کا اعلان کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف آج ’’اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کا اعلان کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف آج ’’ اڑان پاکستان‘‘ پروگرام کا اعلان کریں گے۔

 نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق اس حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم ترقی کے 5 سالہ پروگرام کے منصوبے کا آغاز کررہے ہیں، یہ منصوبہ پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت معاشی چیلنجز درپیش ہیں، حکومت نے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فوری اقدامات لیے، پاکستان کو مستقل بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے لانگ ٹرم گروتھ پر عملدرآمد ہونا چاہیے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آئی ہم نے ملک کو خودمختار بنانے کی کوشش کی، ویژن 2010 اور 2025 بنایا، سیاسی عدم استحکام نے منصوبوں پر عملدرآمد نہ ہونے دیا، اب پھر ہم 5 سالہ منصوبے سے ایک پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے اس حوالے سے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج ہوم گرون اکنامک ایجنڈے کا اعلان کرنے جا رہے ہیں، ہوم گرون اکنامک ایجنڈا ”میڈ ان پاکستان“ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا ہے، ملک ڈیفالٹ سے استحکام کی طرف آیا اور اب استحکام سے ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ الحمد اللہ پاکستان کے تمام معاشی اشاریئے بہتر ہوئے ہیں، ہوم گرون ایجنڈا ایک اہم اقدام ہے، اس ایجنڈے کے تحت معاشی ترقی کا سفر طے کیا جائے گا، پاکستان کے عوام کو خوشخبریاں ملیں گی، معاشی اصلاحات کا ایجنڈا پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی کے لئے ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آج ہم وزیراعظم کی قیادت میں اکنامک پلان کو لانچ کرنے جارہے ہیں، ملک میں میکرواکنامک استحکام آچکا ہے، ہمیں فاؤنڈیشن کو مزید استحکام کی طرف کیسے لیکر جانا ہے اس پر کام کرنا ہے، نجی سیکٹر کو اب ملک کو لیڈ کرنا ہے۔

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اب سٹرکچرل ریفارمز شروع کی ہیں اس کو آخر تک لیکر جانا ہے، پبلک فنانس میں سرکار کے خرچے کم کرنے ہیں، پوری تندہی سے کام جاری ہے، اڑان پاکستان پروگرام ہمیں اگلے دو سے تین سال میں بہترین مقام پر پہنچائے گا ، یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا۔

وزیر مملکت علی پرویز ملک نے کہا یہ وہ ایجنڈا ہوگا جس سے معیشت کی بنیادوں کی سمت ٹھیک ہوگی، یہ وہ طریقہ ہوگا جو پاکستان کو جامع اور دیر پاترقی کے راستے پر ڈالے گا، یہ وہ طریقہ ہوگا جو پاکستان کو خودمختار معاشی طاقت کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھارے گا، اللہ اس حکومت کو کامیاب کرے۔

لیگی رکن قومی اسمبلی طارق فضل چودھری اس حوالے سے بولے کہ مسلم لیگ ن اور اتحادیوں نے مشکل دور میں حکومت سنبھالی، اقتصادی طور پر پاکستان کو شدید چیلنجز درپیش تھے، آج پاکستان کے تمام اکنامک انڈیکیٹرز بہتری کی طرف جارہے ہیں، عوام کی زندگی میں خوشحالی آنا شروع ہو گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2025 میں پاکستان ٹیک آف کر جائے گا، جس پانچ سالہ منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے اس سے پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو گا، پاکستان میں خوشحالی، سرمایہ کاری اور معیشت کا پہیہ چلے گا۔

سینیٹر طلال چودھری نے اس حوالے سے کہا کہ مسلم لیگ ن سمجھتی ہے مضبوط پاکستان مضبوط معیشت سے منسلک ہے، مضبوط معیشت آپ کے گھر کی خوشحالی سے جڑی ہے، ہر ایک کے گھر میں خوشحالی ہوگی تو معیشت مضبوط ہوگی، سیاسی استحکام اور دہشتگردی کا خاتمہ ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا پڑے گا، 2013 میں بھی اسی طرح کے مسائل درپیش تھے، ڈیفالٹ کی باتیں ،مہنگائی اور روپیہ کمزور تھا، نوازشریف اور ان کی ٹیم نے 5 سال میں اسی معیشت کو سنبھالا، ملکی تاریخ کی کم ترین مہنگائی ہوگئی۔

لیگی سینیٹر کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہوا،دہشتگردی لوٹ کر آئی ، ہم آپس میں تقسیم ہوگئے، پائیدار ترقی کیلئے مل کرکام کرنا ہوگا، آج سیاسی استحکام لانا ہوگا، آئیں مضبوط معیشت کیلئے مل کر کام کریں۔