ایلون مسک نے وسکونسن کی سپریم کورٹ کے انتخاب سے قبل ووٹرز میں 10 لاکھ ڈالر کے چیک تقسیم کردیئے

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ارب پتی ایلون مسک نے وسکونسن کی سپریم کورٹ کے اہم انتخاب سے قبل ریاست کے ووٹرز کو 10 لاکھ ڈالر کے چیک دیئے ہیں، جب کہ ریاست کی اعلیٰ عدالت نے اس اقدام میں مداخلت سے انکار کر دیا ہے۔ مسک نے اس انعامی سکیم کا اعلان رواں ہفتے کے آغاز میں کیا تھا۔ منگل کو ہونے والے انتخابات میں سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ وسکونسن کے اٹارنی جنرل اور ڈیموکریٹ رہنما جوش کول نے اس تقسیم کو روکنے کے لیے مقدمہ دائر کیا تھا۔
بی بی سی کے مطابق یہ انتخاب ریاست کی سپریم کورٹ کا کنٹرول ریپبلکنز کے حق میں بدلنے کا سبب بن سکتا ہے اور اسے امریکی تاریخ کا مہنگا ترین عدالتی انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔ اتوار کی شب ایک جلسے میں خطاب کرتے ہوئے ایلون مسک نے کہا "ہم صرف چاہتے ہیں کہ جج اپنا کام کریں۔" جس کے بعد انہوں نے 2 ووٹرز کو 10 لاکھ ڈالر کے چیک دیئے۔ یہ دونوں افراد سرگرم ججوں کے خلاف دائر ایک درخواست پر دستخط کر چکے تھے۔