باراک اوباما نے بیوی کے ساتھ تعلقات میں تناؤ کی تصدیق کردی، اب وہ رشتہ مضبوط کرنے کیلئے کیا کر رہے ہیں؟

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق امریکی صدر باراک اوباما نے حال ہی میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ان کی صدارت کے دوران ان کی شادی میں مشکلات آئیں اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما کے ساتھ تعلقات میں تناؤ پیدا ہوا۔ ہملٹن کالج میں منعقد ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ وہ اب اپنی بیوی کے ساتھ دوبارہ رابطہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کے لیے وہ وقتاً فوقتاً "مزے دار سرگرمیاں" انجام دیتے ہیں۔
نیوز 18 کے مطابق مہینوں سے باراک اور مشعل اوباما کے درمیان خلیج کی چہ مگوئیاں جاری تھیں، جو اس وقت اور بڑھ گئیں جب سابق صدر اکیلے جمی کارٹر کی آخری رسومات میں شریک ہوئے۔ اسی طرح مشعل اوباما کی ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں غیر حاضری نے ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا دی۔
ہملٹن کالج کے ایونٹ میں اوباما نے اپنی صدارت کے بعد کی زندگی پر نایاب تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت اپنی صدارتی یادداشتوں کی دوسری جلد مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔ ان کی پہلی کتاب "اے پرامِسڈ لینڈ" 2020 میں شائع ہوئی تھی۔ اوباما نے کہا "میں اپنی یادداشتوں کی دوسری جلد مکمل کر رہا ہوں، جو کہ 50 ریسرچ پیپرز کے برابر ہے۔ یہ ختم ہی نہیں ہوتی۔ لوگ پوچھتے ہیں، 'کیا تمہیں لکھنا پسند ہے؟' میں کہتا ہوں، 'بالکل نہیں'، لیکن جب لکھ چکوں تو وہ احساس اچھا ہوتا ہے۔"
باراک اور مشعل اوباما کی پہلی ملاقات 1980 کی دہائی کے آخر میں ایک لاء فرم میں ہوئی تھی، اور ان کی شادی 1992 میں ہوئی۔ سال 2022 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں مشعل اوباما نے بھی صاف گوئی سے اپنی شادی کے مسائل کا ذکر کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ "دس سال ایسے تھے جب میں اپنے شوہر کو برداشت نہیں کر سکتی تھی۔"