عرفی جاوید کامیڈین سمے رائنا کا شو بیچ میں چھوڑ کر جانے کی وجہ بتاتے ہوئے پھٹ پڑیں
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف بھارتی کامیڈین سمے رائنا کے شو ”انڈیاز گوٹ لیٹنٹ“ نے ایک بار پھر نئے تنازعے کو جنم دیا ہے، اور اس بار نشانہ سوشل میڈیا سینسیشن عرفی جاوید بنی ہیں، جنہوں نے بطور مہمان شو میں شرکت کی لیکن درمیان میں ہی اٹھ کر چلی گئیں، کیونکہ شو میں شرکت کرنے والے 2کنٹیسٹنٹس نے ان کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کیے تھے۔
عرفی نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی اور اپنے واک آؤٹ کی وضاحت کرتے ہوئے واقعے کے بارے میں بتایا۔عرفی نے کنٹیسٹنٹس کی بدتمیزی پر تنقید کی اور انکشاف کیا کہ ان میں سے ایک نے ان کا موازنہ فحش فلموں کی اداکارہ میا خلیفہ سے کیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ آج کل لوگ سوچتے ہیں کہ کسی کو گالی دینا یا کسی کو شرمندہ کرنا اچھا ہے۔ لیکن مجھے یہ برداشت نہیں ہے کہ کوئی بھی میرے ساتھ بدسلوکی کرے، میرے باڈی کاؤنٹ کیلئے مجھے شرمندہ کرے (جس کے بارے میں وہ نہیں جانتے لیکن انہوں نے فرض کرلیا کہ زیادہ ہوگا)۔ یہ سب کس لیے؟ 2منٹ کی شہرت کیلئے؟ وہ لڑکا جس نے مجھے گالی دی وہ مذاق بھی نہیں کر رہا تھا، وہ مجھ پر غصہ ہو گیا جب میں نے اس سے پوچھا کہ وہ معذور ہونے کا دعویٰ کیوں کر رہا ہے! اس نے بہت سارے لوگوں کے سامنے اسٹیج پر میرے ساتھ بدسلوکی کی۔
عرفی نے کہا کہ وہ اپنے دوست سمے رائنا کو کبھی مورد الزام نہیں ٹھہرائیں گی۔ اور کہا کہ وہ ایک دوست ہے۔ میں کنٹیسٹنٹس کی بات کر رہی ہوں۔ پوری ٹیم نے آکر مجھے تسلی دی۔ سمے تب سے میرے ساتھ بہت اچھا رہا ہے۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سمے رائنا کے شو نے مزاح کی حدوں پر تنازعہ کھڑا کیا ہو۔
اس سے قبل، سمے کو زورآور اہلووالیا اور کشا کپیلا کی طلاق کے بارے میں مذاق کرنے پر ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔