مذاکرات کمزوری کی علامت نہیں، وزیر اعظم کابینہ کے ”مسخروں“ کو لگام دیں،خواجہ آصف کے بیان پر تحریک انصاف کا ردعمل
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف نے غصہ بھرا ردعمل ظاہر کیا ہے، شیخ وقاص نے وزیر اعظم کو کابینہ کے ”مسخروں“ کو لگام دینے کا مشورہ دیا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص نے کہا کہ مذاکرات کمزوری کی علامت نہیں، مذاکرات ملک کو استحکام کی راہ پرڈالنے کی سنجیدہ کوشش ہے۔ حکومت میں شامل ذہنی مریض مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کیلئے زور لگا رہے ہیں، یہ عناصر فساد اورانتشارکو اپنی سیاسی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سنجیدہ ہیں تو اپنی کابینہ کے مسخروں کو لگام دیں، بھکاری لیگ کے بارے میں قوم پہلے بھی کسی غلط فہمی کی شکار نہیں تھی، جمہوریت کے قاتلوں کا ذکرمیں جاتی امراءکے بھگوڑے کا تذکرہ سرِفہرست ہوگا۔
شیخ وقاص نے کہا کہ شہبازشریف نے تیزی سے معیشت کو پاتال میں پھینکا، جمہوریت کے دعویداروں نے جمہوریت کا جنازہ کندھوں پر اٹھا رکھا ہے، سیاسی میدان میں مقابلہ ان بےروح، بے ضمیر اور بے جان کٹھ پتلیوں کے بس میں نہیں۔
پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پختونخوا اور پورے ملک کے عوام جانتے ہیں کہ عمران خان دہشتگردی کو صفر کرنے اور عوام کے جان و مال کی سلامتی کا اہتمام کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن 40 ہزار کا ذکر خواجہ آصف کر رہے ہیں انہیں اس قمر جاوید باجوہ نامی اس مکار شخص نے واپسی کی راہ دکھلائی جس کے بوٹ چاٹ کر سیالکوٹ کا یہ گنوار پارلیمان پہنچا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ خط لکھ کر پیسے دینے سے منع کرنے کا الزام اتنا ہی جھوٹا اور بیہودہ ہے جیسے کوئی یہ دعویٰ کرے کہ نوازشریف بھی کوئی سیاسی رہنما ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف سمجھ لیں، آوارہ زبانوں کو لگامیں نہ ڈالی گئیں تو جواب میں کوئی نرمی اور رعایت روا نہیں رکھی جائے گی۔
پی ٹی آئی سیکرٹری اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف پوری یکسوئی اور سنجیدگی سے سیاست کو اصلاح کی راہ پر ڈالنے کیلئے کوشاں ہے، اصلاح کی خواہش کو کمزوری سمجھنے اور حکومتی کمین گاہوں سے مسخروں کے تالیاں پیٹنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔