عید کی تعطیلات کے دوران موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عید کی تعطیلات کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ میدانی علاقوں میں دن کے وقت گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب میں دن کے اوقات میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا اور بعض مقامات پر تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی اضلاع میں گرم رہے گا، کوئٹہ میں درجہ حرارت 7، قلات میں 5، زیارت میں 4، ژوب میں 8، سبی میں 16، تربت میں 19، نوکنڈی میں 14، چمن میں 12، گوادر میں 21 اور جیوانی میں 22 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادھر شہر قائد میں عید الفظر کے دوران موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے دوران شہر میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، عید پر سمندری ہوائیں مختصر وقت کے لیے غیر فعال ہوں گی۔
بلوچستان کی گرم ریگستانی شمال مغربی ہواؤں کے سبب پارہ 38 ڈگری تک تجاوز کر سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔شہر میں صبح کے وقت نمی 70 فیصد تک جبکہ شام کے وقت 30 فیصد رہنے کا امکان ہے۔