وہ شہر جہاں کی خواتین اپنے پارٹنرز کی ڈیٹنگ ایپس پر جاسوسی سب سے زیادہ کرتی ہیں

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ڈیٹنگ ایپ چیٹ آئی کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق لندن وہ شہر بن گیا ہے جہاں خواتین سب سے زیادہ اپنے پارٹنرز کی وفاداری پر شک کرتی ہیں۔ اس تحقیق میں برطانیہ بھر میں ٹِنڈر پروفائلز کی نگرانی کی گئی جس کے نتائج نے یہ ظاہر کیا کہ لندن میں 27.4 فیصد ٹِنڈر سرچز کا مقصد کسی پارٹنر کی بے وفائی کو پکڑنا تھا۔ حیران کن طور پر ان میں سے 62.4 فیصد سرچز خواتین کی جانب سے کی گئیں، جو یہ جاننے کی کوشش کر رہی تھیں کہ آیا ان کے شوہر یا بوائے فرینڈز خفیہ طور پر ٹِنڈر استعمال کر رہے ہیں۔
لندن کے بعد، مانچسٹر اور برمنگھم بھی ان شہروں کی فہرست میں شامل ہیں جہاں تعلقات میں شک و شبہ عام ہے۔ مانچسٹر میں 8.8 فیصد اور برمنگھم میں 8.3 فیصد ٹِنڈر سرچز بے وفائی کے شبہے سے متعلق تھیں۔ خاص طور پر برمنگھم میں 69 فیصد مشکوک سرچز خواتین نے اپنے مرد پارٹنرز پر کیں، جو ایک واضح صنفی فرق کو ظاہر کرتا ہے۔
نیوز 18 کے مطابق گلاسگو بھی اس فہرست میں شامل ہے جہاں 4.7 فیصد سرچز بے وفائی کے خدشات سے متعلق تھیں، اور ان میں 62.1 فیصد سرگرمیاں مرد پارٹنرز کے خلاف کی گئیں۔رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ کچھ مخصوص نام بے وفائی کے شبہے میں زیادہ آتے ہیں۔ مردوں میں جیک، جیمز، اور جوش جبکہ خواتین میں ایما، کلوئی، اور لورا کے نام سب سے زیادہ سرچ کیے گئے۔