قرارداد پاکستان آزاد وطن کے قیام کی بنیاد بنی، منشاء اللہ بٹ
سیالکوٹ(بیورورپورٹ) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد بنی، جہاں وہ اپنے مذہب، ثقافت اور تہذیب کے مطابق زندگی گزار سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے اس قرارداد کو مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور اسے "مسلمانوں کا منشور" کہا۔ 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کی منظوری کے صرف 7 سال بعد، پاکستان دنیا کا پہلا ملک بنا جو نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام صاحب روڈ پر یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جہاں انہوں نے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، خواجہ ٹیپو، شاہد بٹ و دیگر لیگی کارکنان کے ہمراہ یوم پاکستان کا کیک کاٹا۔محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نئی امید اور منزل کی طرف گامزن کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر دنیا کی ہر نعمت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اللہ رب العزت کا شکر گزار ہونا چاہیے، جس نے ہمیں آزادی جیسی عظیم نعمت سے نوازا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہمیں اپنے وطن سے محبت کرنی چاہیے اور اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی اور اتحاد کو فروغ دیں تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے۔
منشاء اللہ بٹ