اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کے وفد کی سیکرٹری داخلہ پنجاب سے ملاقات

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )سیکرٹری داخلہ پنجاب سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کے وفد نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اقوام متحدہ کے وفد میں UPFPA صوبائی کوآرڈینیٹر تانیہ درانی اور ملیحہ ضیاء شامل تھیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے وفد کو عوامی فلاح سے متعلقہ حکومت پنجاب کی اصلاحات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ کے وفد سے خواتین اور بچوں کے تحفظ اور جنسی تشدد کے خاتمے بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے گفتگو کے دوران بتایا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا تحفظ وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے محکمہ داخلہ میں خصوصی سیل قائم کر رہے ہیں۔ خصوصی سیل جنسی تشدد کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ہوگا۔ خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے تمام ادارے زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ بچوں کو محفوظ بنانے کیلئے محکمہ داخلہ کے پلیٹ فارم سے گڈ ٹچ بیڈ ٹچ آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے وفد کو پنجاب فورینزک سائنس اتھارٹی کے اپگریڈیشن پلان کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کے وفد نے جنسی تشدد کے خاتمے کیلئے پالیسی سازی اور سٹیک ہولڈرز کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی۔ یو این ایف پی اے محکمہ داخلہ کے ماتحت اداروں میں افسران کو تربیت دیگا۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عمران رانجھا، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس ڈاکٹر محمد ذیشان، ڈپٹی سیکرٹری جوڈیشل ماہم آصف، ڈپٹی سیکرٹری پولیس عدنان ذاہد اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل بھی موجود تھے۔
ملاقات کے اختتام پر وفد نے سیکرٹری داخلہ کو پنجاب جنسی تشدد رسپانس فریم ورک (PSVRF) ڈرافٹ پیش کیا۔